سرکاری نوکریوں کی تلاش میں آسانی؛ وزیراعلیٰ نے ’سندھ جاب پورٹل‘ کا افتتاح کردیا
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ’سندھ جاب پورٹل‘ کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک نہایت اہم قدم ہے، اب سندھ میں اہل افراد کو نوکریاں میرٹ پر ملیں گی۔ گریڈ 5 تا 15 کی ملازمتیں سندھ جاب پورٹل کے ذریعے شفاف طریقے سے دی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں روزگار کے حصول کو سب سےزیادہ بہتر اور آسان کرنا ہے، نوجوانوں کو شفاف طریقے سےروزگاردیں گے،
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تمام شعبوں کو ڈیجٹلائزکررہےہیں، ملازمتوں کے لیے ایسا سسٹم بنانا تھا جو شفاف بھی ہو اور آسان بھی ہو، تاکہ لوگ آسانی سے اپلائی کرسکیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ’ہر سرکاری محکمہ پورٹل پر اپنی خالی آسامیوں کی تفصیلات اپ لوڈ کرے گا اور جیسے ہی کوئی نئی اسامی کھلے گی، وہ خودکار طور پر پورٹل پر ظاہر ہو جائے گی‘۔
سندھ حکومت کا یہ منصوبہ وزارت سائنس اینڈ آئی ٹی اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ جو کہ پہلے گریڈ 5 سے 15 کی بھرتیوں کے لیے تھا، مگر اب یہ اس میں تمام گریڈز کی ملازمتیں شامل ہوں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گریڈ 1 سے 5 کی ملازمتوں کا سلسلہ آئندہ 15 روز میں شروع ہو جائے گا، امید ہے کہ یہ پورٹل شفاف اور میرٹ پر ملازمت فراہم کرنے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر ختم ہونا چاہیےکہ سفارش کے بغیر نوکری نہیں ملتی۔
Aaj English















