Aaj News

ایلون مسک نے وکی پیڈیا کے مقابلے میں ’گروکی پیڈیا‘ لانچ کردیا

گروکی پیڈیا کے مضامین ’گروک اے آئی‘ ماڈل کے ذریعے تیار کیے جائیں گے۔ ایلون مسک
شائع 28 اکتوبر 2025 05:42pm

ایلون مسک نے ایک اور نیا پلیٹ فارم ”گروکی پیڈیا“ متعارف کرا دیا ہے جو کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کو وکی پیڈیا کا متبادل قرار دیا گیا ہے

امریکی ٹیکنالوجی ’ایکس اے آئی‘ نے اپنا نیا آن لائن انسائیکلوپیڈیا ”گروکی پیڈیا“ لانچ کیا ہے، جس میں 8 لاکھ 85 ہزار مضامین شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ مضامین مصنوعی ذہانت ماڈل گروک اے آئی (Grok AI) نے مختلف بنیادی ذرائع اور لائسنس یافتہ مواد کو ملا کر تیار کیے ہیں۔

گروکی پیڈیا کو اوپن سورس بنایا گیا ہے، جہاں صارفین غلطیوں کی نشاندہی کے لیے ’Its Wrong‘ (یہ غلط ہے) بٹن استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ ہر مضمون میں ایڈٹ ہسٹری اور فیکٹ چیک ٹائم اسٹیمپ جیسی خصوصیات بھی شامل ہیں۔

ایلون مسک کے مطابق گروکی پیڈیا کے مضامین ’گروک اے آئی‘ ماڈل کے ذریعے تیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’گروکی پیڈیا کا مقصد ’صرف اور صرف سچ پیش کرنا‘ ہے۔

خیال رہے کہ وکی پیڈیا 2001 میں قائم ہوا تھا۔ یہ ایک رضاکارانہ منصوبہ ہے جسے عطیات سے چلایا جاتا ہے اور دنیا بھر کے صارفین اس پر اپڈیٹ کر سکتے ہیں۔ وکی پیڈیا کا مؤقف ہے کہ اس کا مواد ’غیر جانب دار نقطہ نظر‘ پر مبنی ہوتا ہے۔

دوسری جانب ایلون مسک طویل عرصے سے وکی پیڈیا پر تنقید کرتے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وکی پیڈیا جانب دار اور ’بائیں بازو کے نظریات کے زیرِ اثر‘ ہے اور اس کی ادارت میں ’سیاسی تعصب‘ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے 2024 میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ وکی پیڈیا کو عطیات دینا بند کر دیں۔

AAJ News Whatsapp

گروکی پیڈیا کے ابتدائی ورژن 0.1 میں تقریباً 8 لاکھ 85 ہزار مضامین شامل ہیں، جبکہ وکی پیڈیا پر انگریزی میں 71 لاکھ سے زائد مضامین موجود ہیں۔

وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے گروکی پیڈیا کی لانچنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وکی پیڈیا انسانوں کی کاوش ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔ اے آئی کمپنیاں بھی اسی انسانی علم پر انحصار کرتی ہیں۔ حتیٰ کہ گروکی پیڈیا کو بھی تربیت کے لیے وکی پیڈیا کے مواد کی ضرورت پڑی۔‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ گروکی پیڈیا ایک نئی سمت ضرور ہے، لیکن فی الحال اس کے بیشتر مضامین کا انحصار اسی پلیٹ فارم پر ہے جسے مسک ”متعصب“ کہتے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ سیاسی موضوعات پر کچھ تعصبات موجود ہیں اور اے آئی سے ممکنہ غلطیوں کا خطرہ بھی برقرار ہے۔

Elon Musk

Tesla

SpaceX

wikipedia

Grok

to artificial intelligence

Grokipedia