Aaj News

ورلڈ بینک نے پاکستان میں مزید مہنگائی کا خدشہ ظاہر کردیا

مارکیٹ میں ہر سال تقریباً 16 لاکھ نوجوان آتے ہیں، روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے، رپورٹ
شائع 28 اکتوبر 2025 04:45pm

ورلڈ بینک نے تازہ رپورٹ ’پاکستان ڈیولپمنٹ اپڈیٹ‘ جاری کر دی ہے۔ جس کے مطابق حالیہ سیلاب کے بعد معیشت اور زرعی پیداوار کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے.

رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ اگلے مالی سال میں 6.8 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث کھیتوں میں پیداوار متاثر ہوئی اور سپلائی چین میں رکاوٹیں آئیں، جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ سال 2025 میں پاکستان کی معیشت 3 فیصد کی رفتار سے بڑھی، جو گزشتہ سال 2.6 فیصد تھی۔ یہ اضافہ زیادہ تر صنعت اور خدمات کے شعبوں میں ہوا جبکہ زراعت بدستور دباؤ کا شکار رہی۔

رپورٹ کے مطابق، اگلے دو برسوں میں بھی معاشی نمو تقریباً 3 فیصد برقرار رہنے کی توقع ہے، جو مالی نظم و ضبط اور پالیسیوں کے تسلسل سے ممکن ہوگی۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ میں برآمدات بڑھانے کے لیے صرف ٹیرف میں اصلاحات کو ناکافی قرار دیا گیا اور تجویز دی گئی ہے کہ حکومت اپنے ترقیاتی ایجنڈے میں برآمدات بڑھانے کو ترجیح دے۔

ورلڈ بینک نے خبردار کیا ہے کہ ہر سال تقریباً 16 لاکھ نوجوان روزگار کی تلاش میں مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں، اس لیے تیز رفتار معاشی ترقی روزگار کے مواقع بڑھانے اور غربت (جو اس وقت 21.5 فیصد ہے) کم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

عالمی بینک نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان کی معاشی پیداوار گزشتہ سال 2.6 فیصد تھی جو رواں مالی سال میں بڑھ کر 3 فیصد ہوگئی ہے۔ اور پیشنگوئی کی کہ سال 2027 میں بہتری کے بعد یہ شرح 3.4 فیصد تک پہنچے کا امکان ہے۔

ورلڈ بینک نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد جاری رکھے، ٹیکس دینے والوں کا دائرہ بڑھائے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل جاری رکھے ۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹ کے آخر میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پائیدار ترقی اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے تمام شعبوں میں جامع اصلاحات، زیادہ سرمایہ کاری، بہتر ٹیکس وصولی اور کاروبار دوست ماحول کی ضرورت ہے۔

ورلڈ بینک کے مطابق اگر حکومت پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھے تو مالی سال 2027 میں شرحِ نمو 3.4 فیصد تک بڑھ سکتی ہے، تاہم عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال اور قدرتی آفات کے خطرات کے باعث ترقی کی رفتار محدود رہنے کا امکان ہے۔

World Bank

ECONOMIC STABILITY

2025 26

Pakistan Development Update

شرح نمو

ورلڈ بینک

معاشی ترقی