پیپلز پارٹی کی ن لیگ کو آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ بننے کی دعوت
پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کو کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ ایوانِ صدر اسلام آباد سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے وفود کی ملاقات جاری ہے۔ ن لیگی وفد میں احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، امیر مقام اور دیگر رہنما شامل ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری اور قمر زمان کائرہ شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے معاملات پر تفصیلی مشاورت کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار، مطلوبہ تعداد میں ارکان نے دستخط کردیے
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو آزاد کشمیر کی تازہ سیاسی پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ آئندہ حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیرِ غور آئیں گی۔
سیاسی ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی سمت کے تعین میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
قبل ازیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بلاول بھٹو کے ہمراہ نیر بخاری، ہمایوں خان اور جمیل سومرو بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور حالیہ سیاسی رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا اسعد محمود بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کا گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کو مزید چار ارکانِ اسمبلی کی حمایت کے بعد کل تعداد 27 ہوگئی تھی۔
Aaj English













