Aaj News

ییل یونیورسٹی نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے مکمل مالی معاونت والے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے

اب پاکستانی طلبہ امریکا کی بہترین یونیورسٹی میں مفت تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔
شائع 26 اکتوبر 2025 04:08pm

پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہونہار طلبہ اب امریکا کی ”ییل یونیورسٹی“ کے عالمی معیار کے تعلیمی اور تحقیقی مواقع تک بغیر مالی دباؤ کے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اسکالرشپ انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے دستیاب ہے اور کامیاب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس، رہائش، کھانے کے انتظامات اور صحت کی مکمل سہولیات فراہم کرتی ہے۔

کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے، جو سالانہ 65 ہزار ڈالر سے کم کماتے ہیں، ییل یونیورسٹی کی اسکالرشپ میں کئی اہم سہولیات شامل ہیں۔ اس میں مکمل ٹیوشن فیس کی ادائیگی، کیمپس میں رہائش اور کھانے کے پلانز اور ڈائننگ سپورٹ شامل ہیں۔ عام طور پر اس اسکالرشپ کی مالی حد تقریباً 50 ہزار فی سال ہوتی ہے، تاہم کچھ کیسز میں یہ چند سو ڈالر سے لے کر 70 ہزار ڈالر سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

اسکالرشپ کے فوائد

ییل یونیورسٹی کے مکمل مالی معاونت والے اسکالرشپس تقریباً تمام اہم اخراجات کو کور کرتے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس کی چھوٹ، کیمپس میں رہائش اور کھانے کے انتظامات فراہم کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ طلبہ کو جامع ہیلتھ انشورنس ملتی ہے اور وہ ییل کی لائبریریوں، لیبارٹریز اور تحقیقی مراکز تک مکمل رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اسکالرشپ کے ذریعے طلبہ کو عالمی تعلیمی پروگرامز اور انٹرن شپس میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں، جو ان کے کیریئر اور علمی ترقی کے لیے انتہائی مفید ہیں۔

اہلیت کے معیار

ییل یونیورسٹی اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کو چند شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ یہ اسکالرشپ بین الاقوامی طلبہ کے لیے کھلی ہے، جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی شامل ہیں۔

درخواست دہندگان کا تعلیمی ریکارڈ شاندار ہونا چاہیے اور وہ کسی تسلیم شدہ ادارے سے تعلیم یافتہ ہوں۔ انگریزی زبان پر عبور ثابت کرنا ضروری ہے، جس کے لیے ٹوفل میں کم از کم 100 نمبر یا آئیلٹس میں کم از کم 7.0 بینڈ درکار ہیں۔

انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے SAT یا ACT کے نمبرز، اور گریجویٹ طلبہ کے لیے GRE یا GMAT کے نمبرز لازمی ہیں۔ اس کے علاوہ، درخواست دہندگان کو اپنی مالی حالت ثابت کرنے کے لیے آمدنی کے مستند دستاویزات اور اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

درخواست دینے کا طریقہ: انڈرگریجویٹ پروگرامز

انڈرگریجویٹ پروگرامز کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کو ییل یونیورسٹی کے آفیشل پورٹل کے ذریعے عام درخواست یا مشترکہ درخواست فارم میں سے کوئی ایک فارم جمع کروانا ہوتا ہے۔ درخواست دیتے وقت یہ ضرور ظاہر کریں کہ آپ فنانشل ایڈ کے لیے بھی درخواست دینا چاہتے ہیں۔ مالی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے ’سی ایس ایس پروفائل‘ فارم مکمل کر کے جمع کروانا ضروری ہے۔

تمام ضروری دستاویزات بھی ساتھ اپ لوڈ کرنی ہوتی ہیں، جن میں تعلیمی اسناد، ذاتی مضمون یا مقصد بیان کرنا، معیاری امتحانات کے نمبرز (SAT یا ACT)، انگریزی زبان کی مہارت کے نتائج (آئیلٹس یا ٹوفل) اور آمدنی اور خاندانی اثاثوں کا ثبوت دینا ہوگا۔

AAJ News Whatsapp

درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ عموماً دسمبر کے وسط تک ہوتی ہے، جبکہ داخلے کے فیصلے مارچ یا اپریل میں اعلان کیے جاتے ہیں۔

درخواست دینے کا طریقہ: گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامز

گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کو اپنے متعلقہ مضمون کے لیے ’ییل گریجویٹ ایپلیکیشن‘ فارم مکمل کرنا ہوتا ہے۔ درخواست کے ساتھ تمام ضروری تعلیمی اور مالی دستاویزات اپ لوڈ کرنا لازمی ہے، جن میں تمام تعلیمی اسناد، جی آر ای یا غی ایم اے ٹی کے نمبرز (اگر ضروری ہوں) اسکے علاوہ ریکمنڈیشن لیٹرز، اسٹیٹمنٹ آف پرپز، اور مالی ضروریات کے ثبوت شامل ہیں۔

درخواست جمع کرواتے وقت یہ ضرور واضح کریں کہ آپ مالی امداد کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں۔

گریجویٹ پروگرامز کی آخری تاریخ ہر شعبے کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے، جو عموماً دسمبر سے فروری کے درمیان ہوتی ہے۔ مزید معلومات کے لیے ییل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں۔

درخواست کے دوران یہ واضح کریں کہ آپ مالی امداد کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں۔ ڈیڈلائن ہر شعبے کے مطابق دسمبر سے فروری کے درمیان ہوتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے ییل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں۔

scholarships

Pakistani Students

Higher Education

international students

Financial aid

Free Education

Yale University

Study in USA

Fully Funded Scholarship

US Universities