موت سے قبل ایس پی عدیل اکبر نے اچانک گن کیوں مانگی؟ تحقیقات میں نیا انکشاف
اسلام آباد میں ایس پی عدیل اکبر کی موت کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم واقعے کی نوعیت اب تک واضح نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد اور گولی کے زاویے نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اسلام آباد میں ایس پی عدیل اکبر کو ایس ایم جی کی گولی لگی۔
ایس پی عدیل اکبر کے آپریٹر نے اپنا ابتدائی بیان تحقیقاتی ٹیم کو ریکارڈ کروا دیا ہے، آپریٹر نے بتایا کہ عدیل اکبر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ملنے جا رہے تھے، انہیں فون کال چار بج کر 23 منٹ پر آئی تھی۔ انہوں نے ڈرائیور کو دفترِ خارجہ جانے کا کہا۔
آپریٹر نے بیان دیتے ہوئے بتایا کہ عدیل اکبر دستاویزات کی تصدیق کے لیے دفتر خارجہ گئے اور کچھ دیر بعد واپس آگئے، عدیل اکبر اپنی سرکاری گاڑی ڈبل کیبن کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے، میں اور ڈرائیور گاڑی کی اگلی نشست پر موجود تھے۔
تحقیقاتی ٹیم کو دیے گئے بیان کے مطابق نجی ہوٹل کے سامنے ایس پی عدیل اکبر نے مجھ سے گن مانگی، میں نے میگزین نکال کر گن انھیں دی۔ ایس پی نے پوچھا یہ گن چلتی بھی ہے کہ نہیں؟ اور کہا کہ میگزین مجھے دو اور اس میں کتنی گولیاں ہیں؟ میں نے میگزین عدیل اکبر کے حوالے کی اور کہا کہ اس میں 50 گولیاں ہیں۔
آپریٹر نے بتایا کہ میگزین عدیل اکبر کے حوالے کرنے کے بعد انہوں نے میگزین گن میں لوڈ کی، چند لمحوں بعد اچانک فائر کی آواز آئی، عدیل اکبر کے ماتھے پر فائر لگا جو سر کے پچھلے حصے سے باہر نکل گیا اور موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
آپریٹر نے مزید بیان میں بتایا کہ میں نے فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دی کہ ایس پی صاحب سے فائر ہو گیا ہے، ڈرائیور گاڑی فوری پمز کی طرف لے کر گیا۔
پولیسنگ کے ماہرین کے مطابق عدیل اکبر کو ایس ایم جی کی گولی پینسٹھ ڈگری کے اینگل سے لگی، اس زاویے سے ایس ایم جی سے خود کو دو افراد کی موجودگی میں گولی مارنا آسان نہیں ہوتا، ویسے بھی پی ایس پی افسران ایس ایم جی گن استعمال کرنے کے زیادہ ماہر نہیں ہوتے۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ قوی امکان ہے کہ عدیل اکبر سے ایس ایم جی گن حادثاتی طور پر چل گئی ہو۔ اس پہلو پر بھی غور کیا جارہا ہے کہ ایس پی عدیل اکبر نے ہتھیار کیوں مانگا اور اسٹاف نے انہیں ہتھیار کیوں دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کو آخری روز جو کالز آئیں ان کی بھی کھوج جاری ہے اور آخری چند روز ان سے کن کن افراد نے ملاقات کی یہ تمام پہلو تفتیش کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ جمعرات کو اسلام آباد میں ایس پی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ سامنے آیا تھا، پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کو اُن کی گاڑی میں ہی گولی لگی تھی۔
Aaj English














