جارجیا: غیرقانونی طور پر یورینیم خریدنے کی کوشش میں 3 چینی باشندے گرفتار
جارجیا کی داخلی سیکیورٹی سروس نے دارالحکومت تبلیسی میں3 چینی شہریوں کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر دو کلوگرام تابکار مادہ، یعنی یورینیم، غیر قانونی طور پر خریدنے کی کوشش کر رہے تھے۔
برطانیہ کے خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریاستی سیکیورٹی سروس کے نائب سربراہ نے بتایا کہ گرفتار افراد نے یورینیم کو 4 لاکھ ڈالر میں خرید کر روس کے راستے چین منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ تابکار مادہ تھا، تاہم اس خریداری کے مقصد کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے یہ بھی کہا کہ ملزمان پر ایسے الزامات عائد کیے گئے ہیں جن کے تحت انہیں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
سوویت یونین کے 1991 میں خاتمے کے بعد جارجیا میں موجود تابکار مواد کی سیکیورٹی ایک اہم مسئلہ بنی رہی ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں میں یہاں تابکار مواد کی غیر قانونی خرید و فروخت کے متعدد سنگین واقعات سامنے آئے ہیں۔
رواں سال جولائی میں بھی جارجیا نے ایک جارجیائی اور ایک ترک شہری کو گرفتار کیا تھا، جن پر تابکار مادہ غیر قانونی طور پر خریدنے، رکھنے اور تلف کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ قومی سیکیورٹی سروس کے مطابق، یہ مواد ایک مہلک بم بنانے کے لیے استعمال ہو سکتا تھا۔
Aaj English


















