لکی مروت اور ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں بھارتی اسپانسرڈ 16خارجی ہلاک
خیبرپختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ’فتنہ الخوارج‘ کے خلاف دو الگ کارروائیوں میں سولہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ٹانک کے علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
مارے گئے دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے وانڈہ شیخ اللہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی، جہاں آٹھ خوارج ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ فورسز نے انتہائی عسکری مہارت کے ساتھ آپریشن مکمل کیا اور دہشتگردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو تلاش کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، تاکہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
Aaj English















