فیصل بینک کے مستحکم مالی نتائج، چھ ماہ میں 15 ارب منافع رپورٹ
فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے مستحکم مالیاتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32.8 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) اور 15 ارب روپے کا بعداز ٹیکس منافع رپورٹ کیا ہے۔ فی حصص آمدن 9.89 روپے رہی۔ بینک نے فی حصص 1.5 روپے یعنی 15 فیصد عبوری کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان بھی کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فیصل بینک کی بیلنس شیٹ میں مستحکم ترقی دیکھی گئی اور کل اثاثے 1.7 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے، جو ڈپازٹس میں نمایاں اضافے کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے کرنٹ اکاؤنٹس میں اضافے کا رجحان برقرار رہا، جو گزشتہ 9 ماہ میں تقریباً 30 فیصد بڑھ کر ستمبر 2025 تک 528 ارب روپے تک جا پہنچے۔
کل ڈپازٹس بھی 22 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ دسمبر 2024 کے مقابلے میں 1.3 ٹریلین روپے ہوگئے۔ ایف بی ایل کی خالص فنانسنگ میں 14.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 726 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ کیپٹل ایڈیکوئیسی ریشو (سی اے آر) 16.0 فیصد پر مستحکم رہا، جو ریگولیٹری تقاضوں سے کہیں زیادہ ہے۔ اثاثوں میں مزید بہتری آئی اور نان پرفارمنگ لونز (سی پی ایل) میں کمی ہوئی، جو دسمبر 2024 کے 3.6 فیصد سے کم ہوکر 2.9 فیصد پر آگئی۔
فیصل بینک کی مالیاتی کارکردگی اس کے کاروبار کے مستحکم بنیادی اصولوں، رسک مینجمنٹ کے دانشمندانہ طریقوں اور جدت پر توجہ مرکوز کرنے کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ اقدامات صنعت کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے بینک کی پوزیشن کو مزید مستحکم بناتی ہے۔ بینک اپنے شراکت دارو ں کی پائیدار ترقی اور انہیں زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔
فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے بینک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا، ”الحمدللہ ستمبر 2025 کو ختم ہوئے 9 ماہ کے نتائج ہمارے اسلامی بینکاری ماڈل کی پائیداری اور استحکام کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ نتائج بورڈ کی اسٹریٹجک وژن اور انتظامی ٹیم کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ ہم اپنے قابل قدر صارفین کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جواسلامک فنانس میں فیصل بینک کو اپنا ترجیحی شراکت دار سمجھتے ہیں۔“
فیصل بینک پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے دارالمال الاسلامی ٹرسٹ (ڈی ایم آئی ٹی) اور اثمار گروپ، جو فیصل بینک کے اکثریتی اسپانسرز ہیں، نے بینک کی پاکستان میں طویل مدتی موجودگی اور ترقی کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ڈی ایم آئی ٹی کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر جمعہ ابول نے کہا، ”فیصل بینک ڈی ایم آئی ٹی اور اثمار گروپ کا لازمی حصہ ہے۔ ہم ایف بی ایل کی مسلسل ترقی میں مکمل تعاون کے لیے پُرعزم ہیں، تاکہ مینجمنٹ کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کی جا سکیں جو صارفین کی ضروریات کے مطابق ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ فیصل بینک کی پوزیشن کو پاکستان کے اسلامی بینکنگ سیکٹر میں ایک نمایاں رہنما کے طور پر مزید مضبوط بنانا اور ملک کی معاشی ترقی میں اس کے کردار کو مستحکم کرنا ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حال ہی میں یہ عزم اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے سامنے بھی دہرایا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گروپ فیصل بینک کے استحکام کو یقینی بنانے اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ڈی ایم آئی ٹی اور اثمار گروپ فیصل بینک کی پائیدار ترقی، مارکیٹ میں قائدانہ پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے اور صارفین کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے کے لیے درکار اسٹریٹجک رہنمائی اور وسائل کی فراہمی جاری رکھیں گے۔
Aaj English


















