باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کا جنگل میں موجود غار میں آپریشن، خوارج کا ٹھکانہ تباہ
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے شاہی تنگی کے جنگلات میں خفیہ اطلاع پر خوارج کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور سرنگوں کا مکمل صفایا کر دیا۔ کارروائی کے دوران ایک خارجی مارا گیا جبکہ دیگر زخمی ہو کر فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی جس کے تحت فورسز نے شاہی تنگی کے گھنے جنگل میں واقع ایک غار پر گھات لگا کر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران خوارجین نے فائرنگ کی جس کا فورسز نے مؤثر جواب دیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی ہلاک ہوا جبکہ دیگر زخمی خارجی علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے خوارج کے زیر استعمال سرنگوں، ٹھکانوں اور قریبی مقامات کو مکمل طور پر صاف کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران خوارج کے زیر استعمال بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ ان آلات سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں خفیہ ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ فرار شدہ دہشتگردوں کے ممکنہ نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج اور دیگر ادارے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ فورسز کی جانب سے عزم ظاہر کیا گیا کہ ملک کے ہر کونے میں چھپے خوارج کو تلاش کر کے ان کا خاتمہ کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں امن و استحکام قائم رہے۔
Aaj English













