Aaj News

کسی بھی بیرونی یا اندرونی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان کی ترقی کے لیے عوامی مفاد پر مبنی منصوبے جاری ہیں، فیلڈ مارشل
اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2025 08:54am
Field Marshal Asim Munir | National Workshop Balochistan | Anti-Terror Efforts | Youth Development

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج عوام دشمن ایجنڈا پھیلا رہے ہیں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے در پے ہیں، پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سےگفتگو میں کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، بلوچستان کے عوام بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کہا کہ بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے عوام باصلاحیت، محب وطن اور باہمت ہیں، یہاں کی عوام ملک کا اصل سرمایہ ہیں، ترقی کا محور عوام ہی ہیں۔ بلوچستان کی ترقی کے لیے عوامی مفاد پر مبنی منصوبے جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی فلاح پر مبنی ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں کو عوام کے مفاد میں بروئے کار لانا ناگزیر ہے، سول سوسائٹی کا تعمیری کردار نوجوانوں کی شمولیت اور بااختیار بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، نوجوان نسل بلوچستان کی پائیدار ترقی کی ضامن ہے۔

AAJ News Whatsapp

فیلڈ مارشل نے مزید کہا ہے کہ بعض عناصر سیاسی مفادات کے لیے بلوچستان کی ترقی کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ہیں۔ دشمن بلوچستان میں امن و ترقی کے دشمن بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ہر ضروری کارروائی جاری ہے۔ پاکستان اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کرے گا۔

فیلد مارشل نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا خواہاں ہے، مگر ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔کسی بھی بیرونی یا اندرونی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

بلوچستان کے عوام کی خوشحالی، امن اور ترقی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر فیلڈ مارشل سے شرکاء کے سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں شرکاء نے بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

Inter Services Public Relations (ISPR)

Field Marshal Asim Munir

17th National Workshop Balochistan

General Headquarters