Aaj News

حکومت کا سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

جیولری کی صنعت کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کو بحال کیا جائے گا
شائع 21 اکتوبر 2025 08:47am

حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزارتِ تجارت کے ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سمری جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو منظوری کے لیے بھجوائی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ سونے کی درآمد و برآمد پر پابندی رواں سال مئی میں لگائی گئی تھی۔ اس وقت حکومت کو بڑے پیمانے پر سونا اسمگل ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، تاہم اب گزشتہ چند ماہ سے ایسی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ اسی بنا پر حکومت نے پابندی ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

وزارتِ تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد قانونی طریقے سے سونے کی تجارت کو دوبارہ فعال کرنا اور زیورات و بُلین مارکیٹ میں استحکام لانا ہے، جو پابندی کے باعث متاثر ہو رہی تھیں۔

AAJ News Whatsapp

ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جیولری کی صنعت کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کو بحال کیا جائے گا۔

کمیٹی کی منظوری کے بعد سونا درآمد اور برآمد کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکے گا، جس سے سونے کے کاروبار سے وابستہ افراد کو بڑا ریلیف ملنے کی امید ہے۔

Gold Smuggling

Gold Import And Export

Ban on Gold Export