ن لیگ، پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ بندی کی کوششیں: محسن نقوی نے بلاول کو وزیراعظم کا پیغام پہنچا دیا
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مستقل لفظی جنگ بندی کے لیے متحرک ہو گئے اور بلاول بھٹو کو وزیراعظم کا پیغام پہنچادیا اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں وزیراعظم کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ موجودہ نظام پیپلزپارٹی کے بغیر نہیں چل سکتا۔
وزیرداخلہ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی کہ اختلافات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور مشترکہ دوست چاہتے ہیں کہ کوئی تنازع نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق، ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں حالیہ تنازع پر بھی بات ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے ذریعے معاملات کے حل پر زور دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دونوں اتحادی سیاسی ماحول کو ٹھنڈا رکھیں اور سیاسی تناؤ نہ بڑھایا جائے، جبکہ ن لیگ بھی اپنے رہنماؤں کو کنٹرول کرے گی تاکہ سیز فائر برقرار رہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو ملک کی داخلی سلامتی اور قیام امن کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے داخلی سیکیورٹی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ اتحاد اور اتفاق سے ہی کیا جا سکتا ہے۔
Aaj English












