پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں کی تکمیل کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی
پاکستان پیپلز پارٹی نے بطور اتحادی حکومت کو ایک ماہ کا مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔ انھوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور عوامی مفاد کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ سانحہ کارساز سمیت جمہوریت کے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سی ای سی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی سے متعلق تمام چیلنجز کو سمجھتی ہے، پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو تاریخی شکست دی۔
میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سانحہ کارساز میں جیالے ہماری ڈھال بنے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی اور ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے، ہم نے حکومت سازی میں کوئی مراعات نہیں مانگیں، نہ وزارتیں لیں، البتہ ہم سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو مزید وقت دیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مسائل پر تشویش ہے، پیپلز پارٹی وہاں سیاسی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور امداد کا مطالبہ کیا ہے، بلاول بھٹو نے خود متاثرہ علاقوں کے دورے کیے، وفاقی حکومت نے ان کی تجاویز کو تسلیم کیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان کاشتکاروں کو پہنچا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں گندم کے مناسب ریٹ دیے جائیں۔ امید ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کو امداد فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا آج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کامیابی کو تسلیم کرتی ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے سیاسی چپقلش کے حوالے سے اپنے تحفظات بھی پیش کیے اور کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے اس سلسلے میں براہِ راست وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونےکی وجہ سےانڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، وفاق کی ایمرجنسی پرپنجاب حکومت نےعمل نہیں کیا، ہم نے وفاقی حکومت سےعوامی مسائل پر بات کی۔
اجلاس میں صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر رضا ربانی، اعتزاز احسن، فاروق ایچ نائیک، سید قائم علی شاہ، منظور وسان، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سعید غنی اور عبدالقادر پٹیل سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔