Aaj News

حوثی تنظیم نے چیف آف اسٹاف محمد عبدالکریم الغماری کی شہادت کی تصدیق کردی

اسرائیل کے ساتھ تنازع ختم نہیں ہوا ہے اور اسے اپنے جرائم کی سزا ضرور ملے گی۔“ حوثی
شائع 16 اکتوبر 2025 09:20pm

یمن کے حوثیوں نے جمعرات کے روز تصدیق کی ہے کہ اُن کے چیف آف اسٹاف محمد عبدالکریم الغماری اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اگرچہ بیان میں اسرائیل کو براہِ راست موردِ الزام نہیں ٹھہرایا گیا ہے، تاہم تنظیم نے کہا ہے کہ، ”اسرائیل کے ساتھ تنازع ختم نہیں ہوا ہے اور اسے اپنے جرائم کی سزا ضرور ملے گی۔“

واضح رہے اس سے قبل رواں برس اگست میں اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں فضائی حملے کیے تھے جن میں حوثی حکومت کے متعدد اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اُن حملوں میں حوثی حکومت کے وزیرِاعظم، وزرائے دفاع سمیت کئی اعلیٰ حکام شہید ہوئے تھے۔

اسرائیل نے اس وقت دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان حملوں کا ہدف الغماری، وزیرِ دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام تھے۔

حوثی گروپ کے مطابق محمد عبدالکریم الغماری تنظیم کے ”جہاد آفس“ کے رکن تھے، جس کی قیادت عبدالملک الحوثی کرتے تھے۔ یہ دفتر گروپ کی تمام عسکری کارروائیوں کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔

دوسری جانب، اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ الغماری کو ایک اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے کہا کہ، ”ہم نے اس حملے میں الغماری کو ہدف بنایا ہے، اور مستقبل میں کسی بھی خطرے کے خلاف ہم اسی طرح کا جواب دیتے رہیں گے۔“

حوثیوں نے حالیہ مہینوں میں غزہ کے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر اسرائیل کی جانب کئی میزائل داغے تھے، جن میں سے زیادہ تر کو اسرائیلی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کر دیا تھا۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے حوثی زیرِ کنٹرول علاقوں پر متعدد فضائی حملے بھی کیے تھے۔

حوثی رہنما عبدالملک الحوثی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کی تنظیم غزہ جنگ بندی کے معاہدے پر اسرائیل کی پاسداری پر نظر رکھے گی، اور اگر اسرائیل نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو گروپ دوبارہ غزہ کی حمایت میں اپنی کارروائیاں شروع کرے گا۔

Israel

Yemen's Houthis

Yemen’s Houthis

Died

verification

houthis chief of staff

Muhammad al Ghamari killed