Aaj News

دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں ایک بار پھر گِر گئیں، معاملہ کیا ہے؟

بدھ کے روز عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت 62 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی، جبکہ امریکی تیل (WTI) کی قیمت بھی 58 ڈالر فی بیرل تک گر گئی
شائع 15 اکتوبر 2025 10:14am

دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں ایک بار پھر کم ہوگئی ہیں اور ماہرین کے مطابق اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ ایک تو یہ کہ اگلے سال تیل کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، اور دوسرا یہ کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جھگڑا بڑھ رہا ہے، جس سے تیل کی مانگ کم ہو سکتی ہے۔

بدھ کے روز عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت 62 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی، جبکہ امریکی تیل (WTI) کی قیمت بھی 58 ڈالر فی بیرل تک گر گئی۔ یہ دونوں قیمتیں پچھلے پانچ مہینے کی سب سے کم سطح پر ہیں۔

عالمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ اگلے سال یعنی 2026 میں دنیا میں روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل تیل ضرورت سے زیادہ تیار ہوگا، کیونکہ تیل پیدا کرنے والے ممالک پیداوار بڑھا رہے ہیں، لیکن لوگ اور کمپنیاں اتنا تیل خرید نہیں رہیں۔ اس اضافی تیل کو ”زیادہ سپلائی“ یا ”تیل کی بھرمار“ کہا جاتا ہے، جو قیمتوں کو نیچے لے آتی ہے۔

ساتھ ہی امریکا اور چین کے درمیان ایک نئی تجارتی لڑائی شروع ہوگئی ہے۔ چین نے اپنی نایاب معدنیات کی برآمد پر پابندیاں لگائیں، تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ وہ چینی سامان پر 100 فیصد تک ٹیکس لگا سکتے ہیں۔

AAJ News Whatsapp

اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت مزید مہنگی ہو جائے گی، جس کا اثر پوری دنیا کی معیشت پر پڑے گا۔ جب معیشت سست ہوتی ہے تو تیل کی مانگ بھی کم ہو جاتی ہے۔

دوسری طرف، امریکی تیل کے ذخائر میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ملک میں تیل کی کھپت کم ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان جاری رہا تو آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔

سیدھی بات یہ ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ یہ ہے کہ دنیا میں تیل زیادہ پیدا ہو رہا ہے اور خریدنے والے کم ہیں، جبکہ امریکا اور چین کے جھگڑے نے مارکیٹ کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔

پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان

پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، جو 16 اکتوبر سے آئندہ 15 دن کے لیے نافذ ہوگی۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لٹر کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 97 پیسے فی لٹر سستا ہوسکتا ہے۔

مٹی کا تیل 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 1 روپے 64 پیسے فی لٹر سستا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم کمپنیوں نے اپنی تفصیلی حسابی رپورٹ اوگرا کو جمع کرادی ہے، جو آج وزارتِ پیٹرولیم کو قیمتوں میں رد و بدل کی سمری ارسال کرے گی۔

وزیراعظم کی مشاورت کے بعد وزارتِ خزانہ نئی قیمتوں کی منظوری دے گی، جس کے بعد یہ نرخ جمعرات سے نافذ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پٹرول 1 روپے 97 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 48 پیسے، لائٹ ڈیزل 1 روپے 76 پیسے اور مٹی کا تیل 4 روپے 65 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا تھا۔

International Energy Agency

US China trade tensions

Oil prices fell

OPEC+ producers