Aaj News

رواں برس حج کے خواہشمند افراد کے لیے بکنگ کی آخری تاریخ سامنے آگئی

وزارتِ مذہبی امور نے تمام نجی حج آپریٹرز کو بروقت بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت کردی
شائع 13 اکتوبر 2025 07:31pm

رواں برس پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے والے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ میں 4 دن باقی رہ گئے ہیں جب کہ 17 اکتوبر کی شب وزارت کا پورٹل بند کر دیا جائے گا اور مزید بکنگ ممکن نہ ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ میں چار دن باقی رہ گئے ہیں، پرائیویٹ حج کی بکنگ 17 اکتوبر تک جاری رہے گی اور مقررہ مدت کے بعد 17 اکتوبر کی شب وزارتِ مذہبی امور کا پورٹل بند کر دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم میں 16 ہزار نشستیں دستیاب ہیں جب کہ اب تک 44 ہزار عازمین کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ سعودی وزارتِ حج کے احکامات کی روشنی میں بکنگ کی مدت میں توسیع ممکن نہیں۔

وزارتِ مذہبی امور نے تمام نجی حج آپریٹرز کو بروقت بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور بروقت بکنگ مکمل کرنے کے لیے آگہی مہم چلانے کا بھی حکم دیا ہے۔

وزارت مذہبی امور حج بکنگ میں تیزی کے لیے پرائیویٹ آپریٹرز کو تحریری ہدایت بھی دے چکی ہے۔

AAJ News Whatsapp

ذرائع کے مطابق 25 روز میں پرائیویٹ آپریٹرز تقریباً 23 ہزار عازمین کی بکنگ کر چکے ہیں، جب کہ گزشتہ برس حج سے محروم رہنے والے 21 ہزار 654 عازمین کو بھی اس سال حج پر بھجوایا جائے گا۔

رواں برس پرائیویٹ آپریٹرز کا کوٹہ 90 ہزار سے کم کر کے 60 ہزار کر دیا گیا ہے، جن میں سے 38 ہزار 346 کے حج کوٹے پر بکنگ جاری ہے۔ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ کا آغاز 19 ستمبر کو کیا گیا تھا۔

HAJJ APPLICATION

private hajj scheme

hajj 2026

Hajj 2026 Quota