Aaj News

احتجاجی سیاست کا چیمپیئن ہوں، عشقِ عمران میں مارا جاؤں گا: نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں ملوث نہیں ہے اور نہ زرداری، بھٹو یا شریف میرے نام کے ساتھ لگا ہو اہے، سہیل آفریدی
شائع 13 اکتوبر 2025 12:52pm
First Address by KPK Chief Minister Suhail Afridi Sets Tone for Governance - Aaj News Pakistan

خیبرپختونخوا اسمبلی کے فلور پر نئے وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محنت اور عوامی اعتماد کے نتیجہ میں یہ منصب حاصل کیا ہے اور ان کا پیغام ترقی، مساوات اور قبائلی اضلاع کی فکری بہتری پر مرکوز ہوگا۔

سہیل آفریدی نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں ملوث نہیں ہے اور نہ زرداری، بھٹو یا شریف میرے نام کے ساتھ لگا ہو اہے، بلکہ میں نے خود اپنی قابلیت اور محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ میرا تعلق قبائلی اضلاع سے ہے، مجھے فخر ہے کہ میں پختون ہوں اور سب سے پہلے پاکستانی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں اور ان کی حکومت کا اولین ہدف انہی علاقوں کی تیز رفتار ترقی ہوگا۔ انہوں نے اراکین اسمبلی اور ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا۔

وزیراعلیٰ نے سماجی انصاف اور اقتصادی مساوات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش یہ ہوگی امیر اور غریب کے درمیان فرق کم سے کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمیں امیراور غریب کے فرق کو ختم کرنا ہے‘۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ کسی پرچی یا سازش کے ذریعے اس عہدے تک نہیں پہنچے ۔

سہیل آفریدی نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے حوالے سے کہا کہ علی امین نے دو بار استعفا دیا جبکہ گورنر کی طرف سے اس پر اعتراض سامنے آیا، اور انہوں نے علی امین کو اسمبلی فلور پر مستعفی ہونے کے اعلان پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

سہیل آفریدی نے اپنے سیاسی انداز کو بھی واضح کیا اور کہا کہ میں احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں، مجھے کسی چیز کا خوف نہیں، میں عرشقِ عمران میں مارا جاؤں گا۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ انہیں وزارتِ اعلیٰ کی کرسی کی کوئی لالچ نہیں اور وہ کسی بھی صورت اپنے نظریئے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں تخت و تاج دیکھ کر اپنے نظریئے سے ہٹ جاؤں گا، یہ آپ کی بھول ہے۔‘

سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اقتدار کو نہیں، بلکہ خدمت کو مقصد سمجھتے ہیں، اور وہ اپنی ذات یا مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی نمائندے کے طور پر فرض نبھانے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ انہیں اس وقت ذمہ داری دی گئی ہے جب صوبہ سنگین حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھ پر اس وقت اعتماد کیا گیا ہے جب حالات سخت ہیں، لیکن میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں جیسا ہوں ویسا ہی رہوں گا۔ کوئی یہ نہ سمجھے کہ شاہانہ زندگی دیکھ کر مقصد سے پیچھے ہٹ جاؤں گا۔‘

سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت تمام اسیران کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی سمیت تمام اسیران جیلوں میں ہیں، لیکن میں آج سے ہی ان کی رہائی کے لیے عملی اقدامات شروع کردوں گا۔‘

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اور آج بھی ہمارے لوگ قربانیاں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی میں آج بھی ہمارے لوگ شہید ہورہے ہیں، اس لیے وفاقی حکومت کو اپنی افغان پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے اور خیبرپختونخوا حکومت، عوام، مشران اور قبائلیوں کو اس حوالے سے اعتماد میں لینا چاہیے۔‘

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ دنیا اب مکالمے (ڈائیلاگ) کی طرف بڑھ رہی ہے، لہٰذا مسائل کا حل بھی بات چیت اور افہام و تفہیم سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرے گی اور صوبے کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔

Suhail Afridi

New CM KPK

CM Suhail Khan Afridi