Aaj News

ویمنز ورلڈ کپ میں بھارت کی مسلسل دوسری شکست، سیمی فائنل تک رسائی خطرے میں پڑگئی

آسٹریلیا نے گزشتہ میچ میں بھارت کو شکست دے کر ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا تھا۔
اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2025 05:54pm

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم نے بھارت کو ہرا کر ورلڈکپ تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست کے باعث بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی خطرے میں پڑگئی ہے۔

گزشتہ میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 330 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا۔ جواب میں آسٹریلوی بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کر دیا۔

آسٹریلوی بیٹر ایلیسا ہیلی نے 107 گیندوں پر دھواں دار 142 رنز کی اننگز کھیل کر اس جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق مسلسل دوسری شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اگرچہ مسلسل دو میچز ہارنے کے بعد بھی پوائنٹس ٹیبل پر بھارت تیسری پوزیشن پر موجود ہے تاہم کرکٹ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل کی دوڑ میں ٹیم کی امیدیں اب مدھم پڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ایک تجزیہ کار کے مطابق ”بھارت کے لیے اب ہر میچ فائنل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ معمولی غلطی بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر سکتی ہے۔“

AAJ News Whatsapp

سابق کرکٹرز نے بھارتی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں توازن کی کمی اور مڈل آرڈر کی کارکردگی بڑے میچز میں مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز میں بھارت کو سخت حریفوں کا سامنا ہے اور بھارتی مداح ٹیم سے کم بیک کی امید کر رہے ہیں۔

ICC

BCCI

Indian cricket team

icc womens world cup 2025

womens world cup 2025