Aaj News

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب: سہیل آفریدی سمیت تمام اپوزیشن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے مجموعی طور پر 4 امیدوار میدان میں ہیں، سخت مقابلہ متوقع
شائع 12 اکتوبر 2025 08:55pm

خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی سمیت اپوزیشن کے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔

وزارتِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کے منصب کے لیے مجموعی طور پر 4 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمان، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارباب زرک، اور مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہجہان وزارتِ اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

اب تمام نگاہیں اسمبلی میں ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر مرکوز ہیں، جہاں حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔

قبل ازیں پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے لیے مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے تھے، جس کی کاغذات کی جانچ پڑتال شام 4 بجے تک مکمل ہوگئی تھی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے سہیل آفریدی، جے یو آئی (ف) کے مولانا لطف الرحمان، مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہجہان یوسف اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

اس موقع پر سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب آئین کے مطابق ہو رہا ہے اور وہ اپنا پالیسی بیان اسمبلی فلور پر پیش کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو باہر سے مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

دوسری جانب ڈاکٹر عبد اللہ نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کی جانب سے مولانا لطف الرحمان کو وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار بنایا گیا تھا جب کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ڈاکٹر عباد اللہ خان کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا جب کہ اپوزیشن اتحاد نے مولانا لطف الرحمان کے نام پر اتفاق کرلیا تھا۔

AAJ News Whatsapp

مولانا عطاالرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب میں اپنا امیدوار کھڑا کریں گی، جو ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے سہیل آفریدی کو وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا تھا، اس پیشرفت کے بعد صوبائی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

cm kpk

KPK Assembly

nomination papers

Suhail Afridi

Opposotion's Candidates

New CM KPK