امریکی فوج کے لیے گولہ بارود بنانے والی فیکٹری میں دھماکا، عمارت مکمل تباہ
ٹینیسی کے دیہی علاقے میں واقع بارود بنانے والی فیکٹری میں شدید دھماکے سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس کے بعد سے 18 افراد لاپتہ ہیں اور ان کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جمعے کے روز امریکی ریاست ٹینیسی میں واقع ’ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز‘ نامی فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا، جس سے عمارت زمین بوس ہوگئی۔ مقامی حکام کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ زمین لرز اٹھی اور اس کی آواز میلوں دور تک سنی گئی۔
رائٹرز کے مطابق مقامی پولیس کے سربراہ کرس ڈیوس نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ یہ ان کے کیریئر کا سب سے ’خوفناک‘ واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے، وہاں کچھ بھی باقی نہیں بچا۔“
دھماکے کے بعد ابتدائی طور پر 19 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی مگر بعد میں ایک شخص محفوظ حالت میں گھر سے مل گیا۔ جس کے بعد لاپتہ افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ حکام نے تاحال کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی مگر اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ لاپتہ افراد زندہ نہیں بچے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیکٹری امریکی فوج، خلائی اداروں اور تجارتی شعبوں کے لیے دھماکا خیز مواد تیار کرتی ہے۔
مقامی حکومت کے مطابق اس فیکٹری میں اس سے قبل اس نوعیت کا بڑا حادثہ پیش نہیں آیا البتہ 2014 میں ایک دھماکے میں تین افراد زخمی اور ایک جان کی بازی ہار گیا تھا۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔