شمالی کوریا کی فوجی پریڈ میں نئے جدید ترین جوہری میزائیل ’ہواسونگ 20‘ کی نمائش
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی سربراہی میں جمعہ کی شب ایک شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا. پریڈ میں شمالی کوریا کے جدید ترین بین البرِاعظمی بیلسٹک میزائل ’ہواسونگ-20‘ کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ یہ میزائیل بیک وقت 20 روایتی یا نیوکلیئر وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ پریڈ حکمراں جماعت ”ورکرز پارٹی آف کوریا“ کے قیام کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔ جس میں چینی وزیرِاعظم لی کیانگ، روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف کی قیادت میں روسی وفد اور ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ تو لام سمیت کئی غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔
پریڈ میں شمالی کوریا نے اپنے سب سے جدید نیوکلیئر اسٹریٹجک ہتھیار ’ہواسونگ-20‘ کو نمائش کے لیے پیش کیا۔ رائٹرز نے شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میزائیل کو ملک کا ”سب سے طاقتور جوہری دفاعی نظام“ قرار دیا جارہا ہے۔ کے سی این اے کے مطابق ہواسونگ سیریز کے میزائل امریکی سرزمین کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے اپنے خطاب میں فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نہ صرف ملکی دفاع بلکہ بیرونِ ملک بھی سوشلسٹ ترقی کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی فوج کو ایک ایسی ناقابل شکست قوت بننا چاہیے جو ہر دشمن کو ختم کرسکے۔
پریڈ سے قبل کم جونگ اُن نے سابق روسی صدر دمیتری میدویدیف سے ملاقات کی۔ روسی رہنما نے یوکرین میں لڑنے والے شمالی کورین فوجیوں کی قربانیوں کو دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کی علامت قرار دیا۔ ملاقات کے دوران کم جونگ اُن نے روس کے ساتھ تعاون بڑھانے اور مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کرنے کی بھی خواہش پر بھی زور دیا۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔