Aaj News

جڑواں شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے باعث انٹرنیٹ اور میٹرو سروس بند، ٹریفک معطل

پنجاب میں 10 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ، تعلیمی اداروں میں وقت سے پہلے چھٹی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
شائع 10 اکتوبر 2025 06:10pm

جڑواں شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے باعث انٹرنیٹ اور میٹرو سروس بند کردی گئی، ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے، پنجاب میں 10 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے، لاہور میں اورنج اور میٹرو سروس معطل ہے اور تعلیمی اداروں میں وقت سے پہلے چھٹی دے دی گئی۔

جمعے کو اسلا آباد اور راولپنڈی ایک بار پھر کنٹینر کا شہر بن گیا، مذہبی جماعت کے احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے باعث سڑکیں بند، انٹرنیٹ سروس معطل اور موبائل سروس کی جزوی بندش ہے، میٹرو بس سمیت شہر کی دیگر گاڑیاں بھی سڑکوں پر نہیں آئیں، موٹروے پر بھی ٹریفک معطل ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے وہی موٹر سائیکل والے بھی راستے تلاش کرتے رہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث سخت اقدامات کیے گئے ہیں، موٹروے چوک، پشاور موڑ، زیرو پوائنٹ، سرینا چوک سمیت مختلف مقامات پر کنٹینر، ٹرالر اور خار دار تاریں لگائی گئی ہیں۔

مختلف مقامات پر قیدی وین کے ساتھ ساتھ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے ساتھ ساتھ میٹرو بس سروس بھی معطل ہے۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، فیض آباد، مری روڈ، مرہیڑ چوک، ڈبل روڑ سمیت کئی مقامات پر سڑکوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جہاں ہر قسم کے اجتماعات، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی ہے۔ لاٹھیاں، غلیل اور بال بیرنگز کے ساتھ ساتھ اشتعال انگیز تقاریر اور اسلحے کی نمائش پر سخت کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

دوسری جانب لاہور میں امن وامان کی صورت حال کے پیش نظر آج تمام سرکاری و نجی سکول کالج اور جامعات مقررہ وقت سے پہلے بند اور امتحانات ملتوی کردیے گئے، جہاں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے اور شہر کی بیشتر شاہراہیں بند ہونے سے شہری مشکل سے دوچار ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن و عامہ کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔

AAJ News Whatsapp

شہر بھر میں آج سرکاری اور نجی اسکول، کالج اور جامعات جلد بند کروا دیے گئے جب کہ ایل ایل بی کے آج ہونے والے اور پی پی ایس سی کے 12 اور 13 اکتوبر کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

شہر بھر میں سیف سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے بند راستوں سے متعلق شہریوں کو آگاہ بھی کیا جا رہا ہے لیکن راستوں کی بندش نے شہریوں کو بے حال کر رکھا ہے جنہیں منٹوں کی مسافت گھنٹوں میں طے کرنا پڑ رہی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، جی ٹی روڈ، راوی پل، سگیاں، بتی چوک، لاہور سے اسلام آباد موٹروے، مون مارکیٹ جانب کھاڑک نالہ، سمن آباد سے یتیم خانہ، سگیاں بابو صابو شاہراہیں بند ہیں، شہری متبادل راستے اپنائیں۔

rawalpindi

اسلام آباد

security threat

metro bus service

INTERNET SERVICES

traffic suspend

internet and mobile service down