Aaj News

سیکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ اورکزئی حملے میں ملوث 30 خارجی انجام کو پہنچ گئے

یہ کامیاب آپریشنز دہشت گردوں کے ناپاک حملے کا بدلہ ہیں،آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2025 12:10pm
Security Forces Ki** 30 Terrorists in Major Operation - Pakistan News

اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا ہے۔ دورانِ آپریشن اورکزئی حملے میں ملوث 30 خارجی انجام کو پہنچا دیے گئے ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت سمیت گیارہ جوانوں کی شہادت میں ملوث تیس دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اورکزئی حملے میں ملوث تمام تیس خارجی اپنے انجام کو پہنچا دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔

AAJ News Whatsapp

یاد رہے کہ دو روز قبل اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 جوان شہید ہوگئے تھے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 19 خوارج مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کا بیان

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی اورکزئی میں جوابی کارروائیاں ہوئیں، سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایا میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں بھارتی اسپانسرڈ 30 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ دہشت گرد پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشنز دہشت گردوں کے ناپاک حملے کا بدلہ ہیں، مرکزی سہولت کاروں کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے اور مزید دہشت گردوں کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ تحسین

صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجرطیب اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے بھارتی سرپرست خوارج کے نیٹ ورک کو توڑ کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران واہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Fitnah Al Khawarij

30 terrorist died