وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی توثیق کردی
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے کی توثیق کردی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو اپنے سعودی عرب، قطر، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور ملائیشیا کے سرکاری دوروں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی۔ اس موقع پر کابینہ اراکین نے پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 15 ناقابل پرواز ہوائی جہازوں کو تعلیمی، یادگاری یا نمائش کے مقاصد کے لیے مختلف اداروں کو عطیہ کرنے کی منظوری دے دی ہے جب کہ ادارے کے زیر استعمال باقی 4 قابل پرواز ہوائی جہاز ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں کے لیے محمکہ پلانٹ پروٹیکشن کے زیر استعمال رہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ان ہوائی جہازوں کی نیلامی کے سابقہ اقدامات کامیاب نہیں ہو پائے تھے جس کے بعد ان ہوائی جہازوں کے حوالے سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے واپڈا کے زیر انتظام اہم ڈیموں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی فورس کے قیام کے لیے ”واپڈا سیکیورٹی فورس ایکٹ 2025“ کی قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 اکتوبر 2025 کے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 22 ستمبر 2025 کو ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ تاہم آلٹرنیٹ میڈیسنز اینڈ ہیلتھ پراڈکٹس اینلسمینٹ رولز 2014 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری نہیں دی اور اسے خصوصی کابینہ کمیٹی کے حوالے کردیا۔
وزیراعظم کا وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب
دوسری جانب وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے گزشتہ روز اورکزئی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوانواں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ راولپنڈی میں سپہ سالار کے ہمراہ نمازجنازہ میں شرکت کی، آج بھی ایک شہید کے جنازے میں شریک ہوا، شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید نے بہادری کی تاریخ رقم کی، شہید کے اہل خانہ کے جذبات قابل قدر ہیں، لیفٹیننٹ کرنل جنید نے فتنہ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، قرآن میں شہید کو بڑا درجہ دیا گیا ہے۔
ان کے بقول ہمسائے ممالک سے دہشت گردی کی جارہی ہے، خوارج ہمسایہ ملک سے آکر یہاں فتنہ پھیلاتے ہیں، ملک میں فتنہ پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، دوست نمادشمن دہشت گردوں کو تحفظ دے رہے ہیں، دہشت گردوں سے متعلق ٹھوس فیصلہ کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا ہوگا، شہدا کی قربانیوں کو بھلانا بڑی غداری ہوگی، دہشت گردی کا ہر صورت میں مکمل خاتمہ کرنا ہے، آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا، ٹھوس فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے، شہدا پاکستان کی عزت وقار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد فلسطینی ریاست پہلے دن سے ہی ہمارا مؤقف ہے، غزہ میں فی الفور جنگ بندی ہونا چاہیئے۔ صدر ٹرمپ نے کہا مغربی کنارہ کبھی اسرائیل کا حصہ نہیں بنے گا، صدر ٹرمپ سے انتہائی تعمیری ملاقات ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملائشیا میں پرتپاک استقبال مضبوط دوستی کی علامت تھا، بلوم برگ کی رپورٹ میں پاکستان کو ابھرتی ہوئی معشیت قرار دیا گیا، معاشی بہتری میں آپ سب کی محنت شامل ہے۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔