Aaj News

فراری کا اگلے سال اپنی پہلی الیکٹرک کار مارکیٹ میں لانے کا اعلان

فراری نے اپنے لائف اسٹائل اور برانڈ ایکسپیرینس کی توسیع کا بھی اعلان کیا ہے۔
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2025 07:31pm

دنیا کی معروف لگژری کار ساز کمپنی فراری (Ferrari) نے اپنے پہلے برقی ماڈل ’ایلیٹریکا‘ کی تیاری کا اعلان کیا ہے، جو اگلے سال متعارف کرایا جائے گا۔ کمپنی نے اس گاڑی کی ٹیکنالوجی کی جھلک پیش کی، جس میں بیٹری پیک اور برقی موٹرز کے ساتھ گاڑی کا بنیادی اسٹرکچر دکھایا گیا، البتہ ابھی اس کا بیرونی ڈیزائن ظاہر نہیں کیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق فراری کی ایلیٹریکا کی تمام اہم برقی ٹیکنالوجی، جیسے ہائی وولٹیج بیٹری پیک، ای ایکسلز اور انورٹرز، مکمل طور پر کمپنی کے اپنے نئے ای بلڈنگ’ پلانٹ میں تیار کیے جا رہے ہیں۔

تاہم کمپنی نے اپنی الیکٹریفیکیشن حکمتِ عملی میں تبدیلی کی ہے۔ اب 2030 تک اس کی گاڑیوں کی لائن اپ میں 40 فیصد پٹرول انجن، 40 فیصد ہائبرڈ اور صرف 20 فیصد مکمل ایلکٹرک گاڑیاں شامل ہوں گی۔ یہ ہدف 2022 کے منصوبے سے مختلف ہے، جس میں فراری نے 40 فیصد برقی گاڑیاں شامل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

فراری نے مزید اعلان کیا کہ وہ 2026 سے 2030 تک ہر سال چار نئے ماڈلز پیش کرے گی، تاکہ اپنے صارفین کی دلچسپی برقرار رکھ سکے اور گاہکوں کی تعداد میں اضافہ کر سکے۔

کمپنی کے چیئرمین جان ایلکان نے کہا، ’ایلیٹریکا (Elettrica) کے ساتھ ہم ایک بار پھر یہ ثابت کر رہے ہیں کہ فراری ٹیکنالوجی، تخلیقی ڈیزائن اور کاریگری کے امتزاج سے ترقی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔‘

AAJ News Whatsapp

ذرائع کے مطابق، فراری 2028 سے قبل دوسری برقی گاڑی متعارف کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی، کیونکہ فی الحال اعلیٰ کارکردگی والی لگژری برقی گاڑیوں کی طلب کم ہے۔

دوسری جانب، فراری نے اپنی لائف اسٹائل اور برانڈ ایکسپیرینس کی توسیع کا بھی اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے فعال صارفین کی تعداد 2022 کے بعد سے 20 فیصد بڑھ کر 90,000 تک پہنچ گئی ہے۔ اس سلسلے میں 2027 تک ٹوکیو اور لاس اینجلس میں نئے ’ٹیلر میڈ‘ سینٹرز کھولے جائیں گے، جہاں صارفین اپنی گاڑیوں کو ذاتی انداز میں ڈیزائن کر سکیں گے۔

فراری 2026 میں لندن اور نیویارک میں فلیگ شپ اسٹورز کھولنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے، تاکہ برانڈ کے مداحوں کے لیے لگژری مصنوعات اور خصوصی تجربات کی نئی رینج متعارف کرائی جا سکے۔

ferrari

2030 Vision

Elettrica Car

Ferrari Elettrica