Aaj News

صدر این بی پی کا معاشی ترقی میں مالیاتی اور بینکاری شعبے کے کردار پر زور

بینک پائیدار توانائی کے فروغ اور ملک کی گرین ٹرانزیشن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، رحمت علی حسنی
شائع 06 اکتوبر 2025 09:20pm

نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے صدر و سی ای او رحمت علی حسنی نے پشاور میں منعقدہ پاکستان بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی معیشت کی پائیدار ترقی میں مالیاتی اور بینکاری شعبے کا کردار اہم اور فیصلہ کن ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کی سرپرستی میں ”Shaping What’s Next“ کے عنوان سے منعقدہ سمٹ کی میزبانی نٹ شیل گروپ اور البرکہ بینک (پاکستان) لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر کی، جس کے لیے انہیں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) کی اسٹریٹجک شراکت داری حاصل تھی۔

”ڈائیلاگ آن دی سمفونیز آف ایکوسسٹمز“ کے عنوان سے منعقدہ سیشن کے دوران رحمت حسنی نے کہا کہ این بی پی ملک کا پہلا ادارہ ہے جس نے رینوایبل انرجی کی فنانسنگ کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بینک پائیدار توانائی کے فروغ اور ملک کی گرین ٹرانزیشن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے مزید کہا کہ بینک کا منافع پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات اور عوامی ضروریات سے براہ راست منسلک ہے۔ چیلنجنگ شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو اعتماد دینے کے ساتھ ساتھ اصلاحات بھی ضروری ہیں۔

رحمت علی حسنی نے کہا کہ این بی پی کی توجہ خطرناک یا غیرمستحکم شعبوں کے بجائے ایسے پائیدار اور مضبوط شعبوں پر ہے جو حقیقی معاشی ترقی میں کردار ادا کرتے ہیں، تاہم پائیدار ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کے بھروسے کو مستحکم بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالی شمولیت اور سرمایہ تک وسیع تر اور منصفانہ رسائی کے ذریعے عوام کو بااختیار بنانا انہیں معیشت کا فعال شراکت دار بناتا ہے۔ اس سے نہ صرف مقامی کمیونیٹیز مستحکم ہوتی ہیں بلکہ ملک بھر میں پائیدار ترقی کو فروغ ملتاہے۔

سیشن کی نظامت اسپیکٹروکو ایل ایل سی، یو ایس اے کے شریک بانی اور شراکت دار سجید اسلم نے کی۔ پینل میں شامل مقررین میں محمد ناصر سلیم، صدر و سی ای او، ایچ بی ایل؛ جہانگیر پراچہ، ایم ڈی اور سی ای او، فوجی فرٹیلائیزر کمپنی لمیٹڈ؛ جہانزیب خان،صدر اور سی ای او، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک؛اور محمد علی گل فراز،سی ای او، دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ شامل تھے۔

NBP President

Rehmat Ali Hasni

emphasizes role

of financial and banking

sector in economic development