Aaj News

ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک وزیراعظم کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر بھی ہیں، سیکیورٹی ذرائع
شائع 06 اکتوبر 2025 09:30pm

وفاقی حکومت نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل عاصم ملک کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کرلیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک اپنے موجودہ عہدے پر خدمات جاری رکھیں گے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ توسیع کتنی مدت کے لیے ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی جی آئی ایس آئی کو خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک وزیراعظم کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر بھی ہیں اور وہ اس عہدے پر بھی کام جاری رکھیں گے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستمبر 2024 میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی جگہ ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ اپریل 2025 میں حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر (این ایس اے) کا اضافی چارج بھی دیا تھا تاکہ قومی سلامتی کی پالیسی سازی اور اس کے عملی نفاذ میں مزید مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان آرمی کے نہایت قابل اور پیشہ ور افسر مانے جاتے ہیں، جنہوں نے بلوچستان میں ایک انفنٹری ڈویژن اور جنوبی وزیرستان میں ایک انفنٹری بریگیڈ کی قیادت کی، وہ علاقے جو گزشتہ دو دہائیوں سے ملک کے سلامتی چیلنجز کے مرکز رہے ہیں۔

AAJ News Whatsapp

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان ملٹری اکیڈمی کا سورڈ آف آنر حاصل کرنے والے افسر ہیں، یہ اعزاز ہر کورس کے بہترین کیڈٹ کو دیا جاتا ہے، وہ امریکا کے فورٹ لیون ورتھ اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے گریجویٹ ہیں۔

انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) میں چیف انسٹرکٹر اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام محمد ملک کے صاحبزادے ہیں، جو 1990 کی دہائی میں پاک فوج میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔

isi

DG ISI

PM Shehbaz Sharif

inter services intelligence

Asim malik

Lieutenant General Asim Malik