Aaj News

آن لائن ٹیوشن دینے والے استاد نے دولت میں شاہ رخ خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

انہیں "ایجوکیشن انٹرپرینیور آف دی ایئر" کا خطاب بھی دیا گیا ہے۔
شائع 05 اکتوبر 2025 10:32am

آن لائن ایجوکیشن پلیٹ فارم ’فزکس والا‘ کے شریک بانی اور سی ای او الکھ پانڈے نے کامیابی کا ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ گزشتہ سال ان کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد وہ ہورون انڈیا رچ لسٹ 2025 میں شامل ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہورون کی تازہ رپورٹ کے مطابق، الکھ پانڈے کی مجموعی دولت اب تقریباً 460 ارب پاکستانی روپے تک پہنچ چکی ہے جو بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی تقریباً 396 ارب پاکستانی روپے سے بھی زیادہ ہے۔

’ہم سدھر گئے آپ بگڑ گئے‘: قالین بھیّا کے نئے لُک نے رنویر سنگھ کو بھی ہلا دیا

رپورٹ کے مطابق، الکھ پانڈے اور ان کے شریک بانی پرتیک مہیشوری دونوں کی دولت میں 223 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ انہیں بھارت کے ان کاروباری شخصیات کی صف میں لے آیا ہے جنہوں نے کم عرصے میں سب سے زیادہ مالی ترقی حاصل کی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فزکس والا نے پچھلے چند مالی سالوں میں نقصانات کے باوجود اپنی مالیت میں شاندار اضافہ کیا ہے۔

فزیکس والا نے مالی سال 2025 میں اپنی آمدنی کو 65 ارب سے بڑھا کر 96 ارب روپے تک پہنچا دیا، جبکہ نقصان 3,791 کروڑ (تقریباً 38 ارب) سے گھٹ کر صرف 814 کروڑ (تقریباً 8 ارب) پاکستانی روپے رہ گیا۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ تعلیمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں فزکس والا مسلسل مارکیٹ میں اپنی مضبوط گرفت برقرار رکھے ہوئے ہے، چاہے کاروباری حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔

ایشوریا ابھیشیک کی شکایت کے بعد یوٹیوب نے سیکڑوں اے آئی ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

کمپنی نے اس سال کے آخر تک اپنی ابتدائی عوامی پیشکش ( آئی پی او) لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، فزکس والا نے 12 ہزار 800 کروڑ پاکستانی روپے (یعنی تقریباً 128 ارب روپے) مالیت کا آئی پی او لانے کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا ( ایس ای بی آئی) میں خفیہ طور پر ڈرَافٹ پیپرز جمع کروا دیے ہیں، جنہیں منظوری مل چکی ہے، اور اب کمپنی جلد ہی ریڈ ہیری رنگ پروسپیکٹس ( آر ایچ پی) فائل کرے گی۔

اس میں 104 ارب روپے کے نئے شیئرز جاری کیے جائیں گے، جبکہ 24 ارب روپے کے شیئرز بانیان فروخت کریں گے۔

1991 میں پریاگ راج (الہٰ آباد)، اتر پردیش میں پیدا ہونے والے الکھ پانڈے نے اپنی زندگی میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا۔

انہوں نے ہارکورٹ بٹلر ٹیکنیکل یونیورسٹی، کانپور سے مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی لیکن تیسرے سال میں ہی ڈگری ادھوری چھوڑ دی۔

2016 میں انہوں نے یوٹیوب چینل ”فزکس والا“ کے ذریعے طلبہ کو آن لائن تعلیم دینا شروع کیا۔

AAJ News Whatsapp

ان کا سادہ اور منفرد تدریسی انداز لاکھوں طلبہ کے لیے متاثر کن ثابت ہوا، اور دیکھتے ہی دیکھتے ’فزکس والا‘ ایک اربوں روپے کی ایڈٹیک کمپنی میں تبدیل ہو گئی۔

آج الکھ پانڈے کوایسے چہرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے جس نے تعلیم کو کاروبار نہیں بلکہ ایک قابلِ رسائی مشن بنا دیا۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ”ایجوکیشن انٹرپرینیور آف دی ایئر“ کا خطاب بھی دیا گیا ہے۔

تعلیم

lifestyle

شخصیات