Aaj News

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ گرما گرمی کی وجہ ’سر کریک‘ کیا ہے؟

یہ معاملہ نیا نہیں، بلکہ برطانوی دورِ حکومت سے چلا آرہا ہے
شائع 05 اکتوبر 2025 09:40am

بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو ایک عوامی تقریب میں دعویٰ کیا کہ پاکستان نے سر کریک کے قریب فوجی بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی ہے اور اگر وہاں کسی قسم کی مہم جوئی ہوئی تو بھارت ایک ایسا ”فیصلہ کن“ ردعمل دے گا جس سے ”تاریخ اور جغرافیہ“ بدل سکتے ہیں۔ اس دورون بھارتی عسکری قیادت نے ”آپریشن سندور 2.0“ کی دھمکی بھی دی۔ بھارتی قیادت کی جانب سے بیانات نے ایک بار پھر امن و امان کے خدشات کو بڑھا دیا اور پاک فوج کو برجستہ جواب دینا پڑا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ہفتے کو میڈیا سے گفتگو میں بھارتی قیادت کے بیانات کو اشتعال انگیز اور خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے بیانات خطے میں بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتے ہیں اور اگر کوئی نئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان ”بلا جھجھک، بھرپور اور فیصلہ کن“ طور پر جواب دے گا۔

تاہم، پاک فوج کی جانب سے راج ناتھ سنگھ کے سر کریک پر اسٹرکچر کی تعمیر کے دعوے پر کوئی تنصرہ نہیں کیا گیا۔

جس کے بعد سوال اٹھایا جارہا ہے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کا باعث بننے والا ”سر کریک“ کیا ہے اور اس پر تنازع کیوں ہے؟

AAJ News Whatsapp

سر کریک کیا ہے اور کہاں واقع ہے

سر کریک ایک پتلی سی آبی پٹی ہے جو پاکستان کے صوبہ سندھ اور بھارت کی ریاست گجرات کے درمیان واقع ہے۔ ”رَن آف کَچھ“ کہلانے والا یہ علاقہ زیادہ تر دلدلی اور نمکین پانی پر مشتمل ہے۔

یہ پٹی تقریباً 96 کلومیٹر لمبی ہے اور بحیرۂ عرب کے کنارے جا کر ختم ہوتی ہے۔

چونکہ یہ جگہ دلدلی ہے، لہٰذا یہاں پانی کا بہاؤ، مٹی کا جماؤ اور راستے بدلنے کا عمل جاری رہتا ہے۔ یعنی زمین کا نقشہ وقت کے ساتھ کچھ نہ کچھ بدلتا رہتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں اس علاقے کی سرحدی لائن پر مختلف مؤقف رکھتے ہیں۔

’اس بار بھارت اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا‘، بھارتی قیادت کے بیانات پر خواجہ آصف کا ردعمل

تنازع کی تاریخی جڑیں

یہ معاملہ نیا نہیں، بلکہ برطانوی دورِ حکومت سے چلا آرہا ہے۔

جب انگریزوں نے برصغیر کا نقشہ بنایا تو انہوں نے سر کریک کے علاقے کو زیادہ اہمیت نہیں دی، اور اسے محض ایک دلدلی زمین سمجھا۔

لیکن بعد میں جب 1947 میں پاکستان اور بھارت الگ ہوئے تو یہ دلدلی پٹی دونوں ملکوں کے درمیان ایک باریک سرحدی تنازع بن گئی۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ برطانوی سروے کے مطابق سرحد کریک کے مشرقی کنارے سے کھینچی جانی چاہیے، اس حساب سے سر کریک پاکستان کے اندر زیادہ آتا ہے۔

دوسری جانب بھارت کہتا ہے کہ سرحد کریک کے درمیان سے گزرنی چاہیے، یعنی پانی کے بیچوں بیچ لکیر ہونی چاہیے۔

بھارت اپنے مؤقف کے لیے ایک اصول استعمال کرتا ہے جسے ”تھل ویگ لائن“ (Thalweg Line) کہا جاتا ہے۔ اس اصول کے مطابق سرحد ندی یا سمندری راستے کے درمیان سے گزرتی ہے۔

اس چھوٹے سے فرق کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سمندری حدود، ماہی گیری کے حقوق اور تیل و گیس کے وسائل جیسے بڑے اقتصادی مفادات متاثر ہوتے ہیں۔

سر کریک کی اہمیت

باہر سے دیکھنے پر یہ جگہ ایک معمولی دلدلی نالہ لگتی ہے، مگر دراصل اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

یہ علاقہ ماہی گیری، ساحلی تحفظ، قدرتی گیس اور تیل کے ذخائر اور اقتصادی زون کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔

اگر کسی ایک ملک کو سر کریک پر مکمل حق مل جائے تو اسے سمندر میں اپنی ”اقتصادی حدود“ (Exclusive Economic Zone) بڑھانے کا موقع ملتا ہے، جہاں سے اربوں روپے کے وسائل حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اسی لیے دونوں ممالک اس جگہ کو آسانی سے چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

مذاکرات اور حل کی کوششیں

دنیا کے اکثر ممالک ایسے تنازعات کے لیے اقوامِ متحدہ کے قانونِ سمندر (UNCLOS) سے رہنمائی لیتے ہیں۔

لیکن پاکستان اور بھارت دونوں نے سر کریک کے معاملے کو “دو طرفہ تنازع” مانا ہے۔ یعنی یہ تناز کسی بین الاقوامی عدالت یا ثالث کے بجائے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست بات چیت سے حل ہوگا۔

ماضی میں کئی بار فوجی اور سفارتی سطح پر مذاکرات ہوئے، تکنیکی ٹیموں نے سرحد کی پیمائش بھی کی، مگر حتمی اتفاق نہیں ہو سکا۔

یوں یہ تنازع ہر دور میں بغیر نتیجے کے ختم ہوتا رہا، اور آج بھی موجود ہے۔

india

ISPR

پاکستان

Rajnath Singh

Inter Services Public Relations (ISPR)

Sir Creek Issue