ملک بھر میں مزید بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی، الرٹ جاری ہوگیا
مغربی ہوائیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگئیں، جس کے سبب صوبے میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق آج رات سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس کے باعث راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال جہلم گجرات گوجرانوالہ حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ لاہور قصور شیخوپورہ سیالکوٹ نارووال سرگودھا جھنگ ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 اکتوبر تک ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے جب کہ مری، گلیات اور راولپنڈی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں جبکہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور خشک جب کہ دادو، بدین،مٹھی، میرپور خاص، حیدرآباد ، سجاول، کراچی، ٹھٹھہ میں بارش ہوگی۔
خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے جب کہ پشاور، نوشہرہ، صوابی دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں بارش ہوگی۔
اس کے علاوہ پنجاب اور بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔