Aaj News

ایشیا کپ ٹرافی تنازع: محسن نقوی نے بی سی سی آئی سے معافی کی افواہوں کی تردید کر دی

بی سی سی آئی سے معافی کا سوال ہی نہیں: محسن نقوی کا بھارتی میڈیا کو دوٹوک جواب
شائع 01 اکتوبر 2025 05:45pm

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کی رپورٹس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ اور سستا پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ پر چلتا ہے، سچ پر نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ میں بالکل واضح کر دوں کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور نہ ہی میں نے کبھی بی سی سی آئی سے معافی مانگی ہے اور نہ ہی کبھی مانگوں گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے کہا کہ یہ من گھڑت بکواس محض سستا پروپیگنڈہ ہے، جس کا مقصد صرف لوگوں کو گمراہ کرنا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ بھارت مسلسل کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹ رہا ہے، جس سے کھیل کی روح کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

محسن نقوی نے ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق بھی مؤقف واضح کیا۔ انھوں نے کہا کہ بطور اے سی سی صدر، میں اُس دن بھی ٹرافی دینے کے لیے تیار تھا اور آج بھی ہوں۔ اگر وہ واقعی ٹرافی چاہتے ہیں، تو خوش آمدید! آئیں اور اے سی سی کے دفتر سے مجھ سے ٹرافی لے جائیں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ کی ٹرافی کے تنازع پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے معافی مانگ لی ہے۔

انڈیا ٹوڈے نے دعوٰی کیا کہ محسن نقوی نے معذرت تو کر لی ہے، تاہم وہ اب بھی اپنی شرط پر قائم ہیں اور بھارت کو ٹرافی اور میڈلز دینے سے انکار کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے سی سی صدر بھارت کو ٹرافی اس وقت تک نہیں دینا چاہتے جب تک مخصوص شرائط پوری نہ ہوں۔

یاد رہے کہ 5 ستمبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میچ کے بعد ٹرافی دینے کی تقریب تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کھیل میں سیاست لانے سے باز نہیں آئی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ فائنل کی ٹرافی محسن نقوی سے لینے سے انکار کر دیا تھا۔

BCCI

mohsin naqvi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

India Pakistan Asia Cup 2025

Indian team wants the trophy