محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے جنوب مشرقی سندھ میں آج رات سے 2 اکتوبر تک چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں تھر پارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص، بدین، سانگھڑ و دیگر اضلاع میں بارش اور آندھی کا امکان ہے جب کہ سندھ کے بعض علاقوں میں معتدل سے تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ کمزور ڈھانچوں، کچے مکانات اور بجلی کے پولز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، تیز ہوا اور آسمانی بجلی سے گاڑیوں اور سولر پینلز کو بھی خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر،کمزور ڈھانچوں کے قریب جانے سےگریز کریں اور حکام ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے منگل کو کراچی میں گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش کے امکان کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کی صورت حال بتاتے ہوئے کہا کہ گرم موسم کے ساتھ دن کا آغاز ہوا اور شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث حبس کی کیفیت برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان بحیرہ عرب کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم بھارتی گجرات سے آگے بڑھتے ہوئے بحیرہ عرب میں داخل ہوگا اور اس کے اثرات جنوب مشرقی سندھ، زیریں سندھ اور کراچی سمیت ساحلی علاقوں پر بھی پڑیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا، خیبرپختونخوا کے اکثر اضلاع میں موسم خشک جب کہ چترال، دیر، سوات اورکوہستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق کشمیر میں موسم خشک اورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔