Aaj News

دلجیت دوسانجھ کا بھارتی میڈیا اور حکام پر کڑا وار

ان کی فلم 'سردار جی 3' کی بھارت میں ریلیز روک دی گئی ہے۔
اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2025 10:35am

معروف بھارتی پنجابی گلوکار، اداکار اور فلم پروڈیوسر دلجیت دوسانجھ نے بھارت کے دوہرے رویے پر سخت تنقید کی ہے۔

دلجیت دوسانجھ، جو اپنی شاندار گائیکی اور بلاک بسٹر فلموں کے باعث دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت رکھتے ہیں، نے اپنے حالیہ آورا ٹور کے ایک کنسرٹ میں خطاب کیا جہاں انہوں نے بھارتی میڈیا اور سرکاری حلقوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ’’منافق‘‘ قرار دیا۔

دلجیت دوسانجھ نے تناو دور کرنے کا کیا حل بتایا؟

انہوں نے کہا کہ ان کی فلم سردار جی 3 طویل عرصہ قبل شوٹ کی گئی تھی، لیکن پاکستان–بھارت تنازع کے بعد جب فلم ریلیز ہوئی تو انہیں بلاوجہ نشانہ بنایا گیا۔

دلجیت دوسانجھ نے اپنے بیان میں کہا، ’میرے خلاف بے بنیاد باتیں کی گئیں، حالانکہ فلم تنازع سے پہلے ہی شوٹ ہوچکی تھی۔ لیکن اب جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچز ہورہے ہیں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں۔ یہ دہرا معیار ہے جس نے مجھے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کیا۔ میں نے اس وقت بھی حملے اور حملہ آوروں کی مذمت کی تھی۔ ہم پنجابی ہیں اور ہمیشہ اپنی سرزمین بھارت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ملک کے خلاف جانے کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتے۔‘

AAJ News Whatsapp

دلجیت دوسانجھ نے مزید کہا کہ وہ اس رویے کو نہیں بھولے۔ اگرچہ ان کے پاس ہر الزام کا جواب تھا مگر انہوں نے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔

ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی فلم نے پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کردیے

یاد رہے کہ فلم سردار جی 3 میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر بھی شامل تھیں، جس کے باعث بھارت میں فلم کی ریلیز روک دی گئی جبکہ عالمی سطح پر اور خصوصاً پاکستان میں یہ فلم شاندار کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور دلجیت کو وہاں کے مداحوں کی غیر مشروط محبت اور حمایت حاصل ہوئی۔

دلجیت دوسانجھ نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی زبردست مقبولیت رکھتے ہیں۔ مداح اکثر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان کے فن اور شخصیت کو بھرپور انداز میں سراہتے ہیں۔

entertainment

lifestyle

شخصیات