محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارش سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعے کے روز موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بعض بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، سیلاب متاثرہ سندھ اور پنجاب میں رواں ہفتے موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے جب کہ اسلام آباد اور گردونواح میں آج رات بارش کا 40 فیصد امکان ہے۔
جمعہ کے روز اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا، خیبر پختونخوا میں آج رات تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، پنجاب میں آج رات بارش کا امکان ہے، جمعہ کے روز پنجاب بھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جب کہ گلگت بلتستان میں بارش جب کہ کشمیر میں خشک موسم متوقع ہے۔
سوات کی حسین وادی کالام کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری
دوسری جانب سوات کی حسین وادی کالام کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جس کے بعد بالائی سیاحتی مقامات مالم جبہ، مدین، ماندم اور بحرین میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
ادھر مرکزی شہر مینگورہ اور گردونواح میں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے، کچھ مقامات پر بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم دلفریب موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ تمام سڑکیں آمدورفت کے لیے کھلی ہیں اور سیاح بآسانی ان علاقوں کا رخ کرسکتے ہیں۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔