ابو کی ٹوپی، اپنا رقص: حسن رحیم نے اپنی ’کریزی‘ شادی کا احوال بیان کردیا
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار اور نغمہ نگار حسن رحیم اپنی انوکھی موسیقی کے باعث پہلے ہی نوجوان نسل میں بے حد مقبول تھے، مگر ان کی شادی کے مناظر اور رقص نے انہیں عالمی سطح پر بھی وائرل کر دیا۔
حسن رحیم کی اگست میں اپنی کزن نور سے شادی ہوئی ہے ، جس کی تقریبات پورے ایک ہفتے تک جاری رہیں۔ شادی میں انہوں نے گلگت بلتستان کا روایتی لباس زیب تن کیا اور خود ہی روایتی رقص کو پیش کیا، جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔
گلوکار حسن رحیم شادی کے بندھن میں بندھ گئے، دلہن کون؟
حال ہی میں بی بی سی کے صحافی ہاروون رشید کو دیے گئے انٹرویو میں حسن رحیم نے اپنی شادی کے یادگار لمحات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’میری شادی نے پاکستان بھر میں ہی نہیں بلکہ دنیا کو گلگت بلتستان کی شادی کی روایات سے روشناس کرایا۔ اس میں سب سے بڑا کردار میری ماں کا تھا، جنہوں نے مجھے اپنے والد کا پرانا شوکہ پہننے کا کہا۔ یہ ہمارا روایتی لباس ہے جسے نسل در نسل پہنا جاتا ہے۔ میں نے اپنی روایتی ٹوپی بھی پہنی، جس پر لگے پر کو شاتی کہا جاتا ہے۔‘
علی ظفر کا سونو نگم اور رنویر سنگھ کے ساتھ کیا رشتہ ہے؟
حسن رحیم کے شادی کےروایتی رقص نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ اس بارے میں وہ کہتے ہیں ، ’ہماری ڈانس پرفارمنس عام طور پر بہت محدود حلقے میں پسند کی جاتی ہے، اسی لیے میں حیران تھا کہ عوام اسے کس طرح لیں گے۔ لیکن لوگوں نے اسے بے انتہا پبسند کیا لوگ کہنے لگے: ’یہ تو کچھ نیا ہے جو ہم نے پہلے نہیں دیکھا۔‘ مجھے اس پر بہت خوشی ہوئی۔ شادی سے پہلے میں نے اپنے دوستوں سے مذاق میں کہا بھی کہ اگر موسیقی نہ چلی تو ہم شادی کے ڈانس گروپ بنا لیں گے۔‘
حسن رحیم کو بیوی کے ساتھ محبت کا اظہار کرنے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے اسے خاص اہمیت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا،’میرے ذہن میں یہ تھا ہی نہیں کہ یہ کیسا لگے گا۔ اگر میں ہچکچاہٹ دکھاتا تو وہ سب کچھ غیر فطری اور بناوٹی لگتا۔ میں ان دنوں بہت خوش تھا اور اپنی بیوی کے ساتھ اپنی خوشی بانٹنا چاہتا تھا۔ میرے لیے شادی کا ہفتہ زندگی کے بہترین دنوں میں سے تھا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا ارادہ شادی کی تقریبات کو اس طرح عوام کے سامنے لانے کا نہیں تھا۔ موبائل فونز پر پابندی لگانے کے بارے میں بھی سوچا گیا تھا لیکن جب ان کی والدہ نے ان سے مہمانوں سے موبائل فون لینے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے انکار کیا اور یوں شادی کی تقریبات کی ویڈیوز بنیں جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
حسن رحیم کی شادی نے نہ صرف ان کی موسیقی کے پرستاروں کو بلکہ دنیا بھر کے سامعین کو گلگت بلتستان کی ثقافت، محبت اور خوشی کا ایک نیا زاویہ دکھایا۔ ان کا انداز منفرد تھا اور یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی کے لمحات اب بھی سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کے دل جیت رہے ہیں۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔