Aaj News

خطے میں امریکی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ٹرمپ پاکستانی قیادت سے مل رہے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں یہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔
اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2025 01:54pm
تصویر: اسکرین گریب
تصویر: اسکرین گریب

وزیرِاعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج وائٹ ہاؤس میں ون آن ون ملاقات ہوگی۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اس ملاقات کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ یہ ملاقات امریکی وقت کے مطابق چار سے ساڑھے 4 بجے ہوگی۔

خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں یہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی “رائٹرز“ کے مطابق، ایک سینئر امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے منگل کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ’ہم دہشت گردی کے خلاف اقدامات، معاشی اور تجارتی تعلقات سے متعلق کئی امور پر کام کر رہے ہیں۔‘

اہلکار نے مزید کہا کہ ’صدر ٹرمپ خطے میں امریکی مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں، جس میں پاکستان اور اس کی حکومتی قیادت کے ساتھ رابطے اور بات چیت بھی شامل ہے۔‘

اس سے قبل نیویارک میں امریکی صدر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی ایک بے تکلف ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں رہنما دیر تک ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے کھڑے رہے اور خوشگوار ماحول میں غیر رسمی گفتگو کرتے رہے۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا اور وزیرِاعظم شہباز شریف سے مسلسل بات چیت جاری رکھی۔ ملاقات کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے تھمبز اپ کا اشارہ دیا۔

ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے سربراہان کی ملاقات: اس گروپ کے سوا کوئی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی نہیں کروا سکتا، امریکی صدر

نیو یارک میں قیام کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کرسچن اسٹاکر اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

کویتی ولی عہد سے بات چیت میں وزیرِاعظم نے پاکستان اور کویت کی دیرینہ دوستی اور شراکت داری کو لازوال قرار دیا۔

AAJ News Whatsapp

آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ ملاقات میں شہباز شریف نے اپنے 1980 کی دہائی کے دورہ آسٹریا کو یاد کیا اور جرمن زبان میں خوشگوار انداز میں تبادلۂ خیال کیا۔

علاوہ ازیں، گزشتہ روز وزیرِاعظم شہباز شریف نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی عظیم فتح ہے جسے پوری دنیا نے دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایا کہ جنگیں کس طرح لڑی جاتی ہیں۔ ایئرچیف اور شاہینوں نے بہترین تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلادیش کے ساتھ باہمی تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے اور دونوں ملک برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

سی این این نے صدر ٹرمپ کی تقریر کا پوسٹ مارٹم کر دیا

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان دوطرفہ تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران تمام اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر بات کی جائے گی۔

وزیرِاعظم نے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کو بھی خوشگوار قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر یونس نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

white house

PM Shehbaz Sharif

President Donald Trump

UNGA 80th Summit

UNGA 2025

Shehbaz trump Meeting