Aaj News

میری سزائیں اور فیصلے پہلے سے لکھے ہوئے ہیں، عمران خان

بار بار ہمارے کیسز ملتوی کیے جاتے ہیں، اسکرپٹ یہ ہے توشہ خانہ میں سزا ہوگی پھر القادر میں ضمانت دیں گے، بانی پی ٹی آئی
شائع 24 ستمبر 2025 10:36pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کو دی جانے والی سزائیں اور فیصلے پہلے سے لکھے گئے ہیں۔

بدھ کو بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے وکلا نے بھرپور فائٹ کی ہے، سلمان صفدرنے کیس کو لیڈ کیا، کیسز کے اس حد تک پہنچنے کی توقع نہیں تھی، جیسے ہی کیسز آگے بڑھے، حکومت نے نئے مسائل کھڑے کیے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ جیل ٹرائل میں ایک گواہ جھوٹا ثابت ہوا ہے، 2 گواہان برگیڈیئر احمد اور کرنل ریحان نے خود دستاویزات کی تصدیق کی، گواہان نے تسلیم کیا کہ دستخط شدہ کاغذات درست ہیں، آج پیش ہونے والا گواہ بھی تحقیقاتی عمل میں کمزور ثابت ہوا۔

عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو پہلے دن سے کہا جا رہا ہے آپ ملک چھوڑ کر چلے جائیں لیکن انہوں نے کہا وہ سارے مقدمات کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل ٹرائل کے اندر ایک گواہ جھوٹا ثابت ہوا ہے۔

علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بانی نے کہا ہے کہ یہ سزائیں اور فیصلے پہلے سے لکھے گئے ہیں، بار بار ہمارے کیسز ملتوی کیے جاتے ہیں اور کل مشکل سے القادر کیس کی تاریخ ہے۔

عمران خان کی بہن کے بقول القادر کیس میں بشریٰ بی بی کی فوری ضمانت ہونی چاہیے، اسکرپٹ یہ ہے توشہ خانہ میں سزا ہوگی پھر القادر میں ضمانت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تیراہ میں نوجوانوں کی شہادتوں پر بانی بہت دکھی تھے، عمران خان نے کہا اسی لیے وہ کہہ رہے ہیں آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔

AAJ News Whatsapp

عمران خان نے کہا ہے کہ آپریشن کے لیے حکومت خیبرپختونخوا کو ٹریپ کیا گیا ہے، ملٹری آپریشنز سے دہشت گردی کم نہیں بلکہ مزید بڑھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں میں نفرتیں بڑھ رہی ہیں، افغانستان کو دھمکیاں دے کر افغانوں کو یہاں سے نکالا گیا، ہماری حکومت نے افغانستان سے بات کی اور امن قائم کیا اس لیے افغانستان جا کر ان سے بات چیت کرنی چاہیے تھی۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ امن کے لیے پاکستانی حکومت کو افغان حکومت اور دونوں ملکوں کے عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا۔

imran khan

Aleema Khan

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

Adiayala Jail