Aaj News

اداکار شکیل نے بڑا لالچ ملنے کے باوجود بگ باس کی آفر کیوں ٹھکرائی؟

ادائیگی اور تمام شرائط پوری کرنےکے باوجود میں نے اس پیشکش سے انکار کر دیا، شکیل صدیقی
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2025 02:51pm

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین شکیل صدیقی نے بھارتی رئیلٹی شو ”بگ باس“ میں شرکت سے انکار کرنے کی وجہ بتادی ہے۔

شکیل صدیقی جو پہلے ہی بھارتی کامیڈی شو دی کپل شرما شو میں شرکت کر کے اپنی مقبولیت کا لوہا منواچکے ہیں، نے بگ باس کی انتہائی پر کشش پیشکش ٹھکرا کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

حال ہی میں انہوں نےایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں اپنے اس فیصلے کی مکمل تفصیل بتائی۔

شکیل صدیقی نے بتایا، ’مجھے بگ باس میں شرکت کی دعوت دی گئی، اور انتظامیہ نے مجھے یقین دلایا کہ میرے تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ مجھے شو میں کھانے پینے کی آزادی ہوگی اور کسی بھی قسم کی کوئی روک ٹوک نہیں ہوگی۔ پروڈیوسر کے دباؤ کے بغیر کام کر سکوں گا اور 2 مہینے تک کوئی مجھے شو سے نہیں نکالے گا۔‘

AAJ News Whatsapp

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ ملاقات کے لیے دبئی تک آئی اور یقین دلایا کہ میری ادائیگی اور تمام شرائط پوری کی جائیں گی، لیکن اس کے باوجود میں نے اس پیشکش سے انکار کر دیا۔

شکیل صدیقی نے بتایا کہ ان کے انکار کی اصل وجہ کچھ اور تھی۔ ’میں شو میں واحد پاکستانی تھا اور انتظامیہ چاہتی تھی کہ شو میں تنازعات پیدا ہو تاکہ ریٹنگ اوپر آئے۔ یہ مجھے بالکل بھی پسند نہیں آیا، اسی لیے میں نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔‘

entertainment

lifestyle

شخصیات