Aaj News

پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل اہم جنوبی افریقی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی

جنوبی افریقی کھلاڑی کو پاکستان کے خلاف اسکواڈز میں شامل کر لیا گیا۔
شائع 22 ستمبر 2025 05:25pm

جنوبی افریقا کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور انہیں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کے روز کرکٹ جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف وائٹ اور ریڈ بال سیریز کے لیے ٹیموں کا اعلان کیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ایڈم مارکرم کریں گے، ٹی 20 ٹیم کی قیادت ڈیوڈ ملر کریں گے جب کہ میتھیو بریٹنزکے ون ڈے ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان ٹیمبا باووما پاکستان کے دورے سے باہر ہوگئے ہیں، انگلینڈ کے حالیہ دورے کے دوران پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے والے ٹیمبا باووما اپنی بحالی کا عمل جاری رکھیں گے۔

جنوبی افریقا کی ون ڈے ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک شاندار واپسی کرنے جا رہے ہیں، کوئنٹن ڈی کوک نے وائٹ بال کے دونوں فارمیٹس میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے بعد انہیں پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

کونئنٹن ڈی کوک کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اس سے قبل وہ نمیبیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلیں گے۔

32 سالہ جنوبی افریقی کرکٹر نے 2023 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا اور ان کا آخری وائٹ بال میچ 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل تھا جو بارباڈوس میں کھیلا گیا۔

AAJ News Whatsapp

اگرچہ انہوں نے باضابطہ طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا تھا، تاہم وہ کسی بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنے تھے۔ اس دوران وہ دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں مصروف رہے جس میں حالیہ ختم ہونے والی سی پی ایل بھی شامل ہے۔

جنوبی افریقا کے ہیڈ کوچ شکری کونراڈ نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ڈی کوک سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے دوبارہ قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کوئنٹن کی واپسی ہمارے لیے بہت بڑا بونس ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈی کوک نے 155 ون ڈے میچوں میں 6770 رنز بنائے ہیں، اوسط 45.74 اور اسٹرائیک ریٹ 96.64 رہا۔ انہوں نے 92 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 2584 رنز اسکور کیے ہیں، 138.32 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ وہ تین ورلڈ کپ (2015، 2019 اور 2023) کھیل چکے ہیں جب کہ رواں سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی واحد ٹورنامنٹ تھا جس سے وہ ریٹائرمنٹ کے باعث باہر رہے تھے جس میں جنوبی افریقا سیمی فائنل میں ہار گیا تھا۔

Retirement

odi cricket

pakistan vs south africa

quinton de kock

temba bavuma