Aaj News

امریکی ویزا فیس میں اضافہ: واپس جانے والے بھارتی مسافر جہاز سے اُتر گئے

ہنگامے کے باعث پرواز کو تین گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2025 05:36pm

امریکا کے سان فرانسسکو ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی ”ایمریٹس“ کی پرواز میں جمعے کو اس وقت ہنگامہ کھڑا ہوگیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک اعلان کیا کہ ایچ ون بی ورک ویزے کی فیس اب ایک لاکھ ڈالر ہوگی۔ اعلان سنتے ہی بھارت جانے والے کئی مسافر اس خوف سے طیارے سے اتر گئے کہ واپس آنا پڑا تو پیسے کہاں سے دیں گے؟ اس ہنگامے کے باعث پرواز کو تین گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر جہاز کے اندر کھڑے ہیں، کچھ گھبراہٹ کے عالم میں فون پر خبریں دیکھ رہے ہیں، جبکہ بعض ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ فلائٹ ہوگی بھی یا نہیں۔

طیارے کے کپتان نے بھی غیرمعمولی اعلان کرتے ہوئے کہا، ’خواتین و حضرات، یہ صورتحال ہمارے لیے بھی بے مثال ہے۔ اگر کوئی مسافر پرواز میں سفر نہیں کرنا چاہتا تو وہ اتر سکتا ہے۔ یہ بالکل درست ہے، بس براہِ کرم فوری فیصلہ کرلیں۔‘

عینی شاہدین کے مطابق فضا ایسی تھی جیسے کوئی ایمرجنسی ہو۔ ایک انسٹاگرام صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’امارات کی پرواز پر مکمل افراتفری پھیل گئی، ٹرمپ کے حکم نامے نے بھارتی مسافروں کو ہلا کر رکھ دیا اور کئی مسافروں نے طیارہ ہی چھوڑ دیا۔‘

صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب مائیکروسافٹ اور میٹا نے اپنے ایچ ون بی ویزا ہولڈرز کو ہنگامی ہدایات جاری کیں کہ وہ امریکا سے باہر نہ نکلیں اور جو ملک سے باہر ہیں وہ فوری طور پر 24 گھنٹوں کے اندر واپس پہنچ جائیں، ورنہ داخلے پر پابندی لگ سکتی ہے۔

تاہم اگلے ہی روز وائٹ ہاؤس نے وضاحت جاری کی کہ نئی ویزا فیس صرف ایک بار دینی ہوگی اور وہ بھی نئے درخواست دہندگان پر لاگو ہوگی، موجودہ یا تجدید شدہ ویزوں پر نہیں۔ پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے سوشل میڈیا پر کہا، ’یہ سالانہ فیس نہیں ہے بلکہ صرف نئی اپلیکیشنز پر ایک بار لاگو ہوگی۔‘

امارات کی پرواز بالآخر تین گھنٹے بعد روانہ ہوئی، لیکن اس واقعے نے بھارتی مسافروں میں ایک نئی بے چینی کو جنم دے دیا ہے۔ ٹرمپ کے اس فیصلے کو امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں ایک بڑے طوفان کا پیش خیمہ قرار دیا جارہا ہے۔

H1 B Visa

H1 B Visa Fee

Indian Employees