Aaj News

دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے

دونوں کا تعلق بدنام زمانہ بشنوئی گینگ سے تھا۔
شائع 18 ستمبر 2025 03:34pm

بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو مسلح ملزمان اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے بعد اداکارہ کے اہل خانہ اور ان کی رہائش گاہ کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔

پولیس کے مطابق دہلی پولیس اور یوپی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے مشترکہ کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو غازی آباد میں گھیر لیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دونوں شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں دم توڑ گئے۔ ملزمان کی شناخت رویندرا عرف کلو اور ارون کے نام سے ہوئی ہے۔

تحقیقات کے مطابق دونوں کا تعلق بدنام زمانہ بشنوئی گینگ سے تھا، جو ماضی میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے کے باعث شہرت رکھتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے جدید اور خودکار اسلحہ بھی برآمد کیا ہے، جسے فرانزک جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 12 ستمبر کو صبح تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر دو موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے بریلی کے سول لائنز علاقے میں واقع دیشا پٹانی کے آبائی گھر کے باہر متعدد فائر کیے تھے۔

اس واقعے کی ذمہ داری بھارت کے خطرناک گینگسٹرز گولڈی برار اور روہت گودارا گینگ نے قبول کی تھی۔ ان گینگسٹرز نے دھمکی دی تھی کہ اگر دیشا پٹانی کی بہن خوشبو نے دوبارہ ان کے ’روحانی رہنماؤں‘ کے بارے میں مبینہ توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تو کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور باقی ملوث عناصر کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ساتھ ہی اداکارہ کے اہل خانہ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

entertainment

lifestyle

شخصیات

Easypaisa Digital Bank