Aaj News

شراب و اسلحہ برآمدگی کیس: عدالت سے علی امین گنڈا پور کے لیے بُری خبر آگئی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں درج ہے
شائع 10 ستمبر 2025 12:34pm

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں پیش نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور انہیں گرفتار کرکے 17 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

بدھ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد

بعدازاں علیٰ امین گنڈا پور کے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سر آپ نے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

AAJ News Whatsapp

جج مبشر حسن چشتی نے جواب دیا کہ آپ ملزم پیش کریں میں وارنٹ منسوخ کردوں گا جس پر وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ سر اب تو میڈیا پر چل گیا ہے، ملزم کی سبکی تو ہو گئی، اس پر معزز جج بولے میں میڈیا کو کیا کہہ سکتا ہوں؟ آپکا کوئی جونیئر بھی آکر تاریخ لے لیتا تو میں کیس رکھ لیتا۔

بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں درج ہے۔

اس سے قبل 19 جولائی کو بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

cm kpk

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

Weapons and liquor seizure case

islamabad districts session court