Aaj News

خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق بڑا مطالبہ کردیا

غربت کے شکار ملک کے لیے مہاجرین کی واپسی کا بوجھ برداشت کرنا ممکن نہیں، بیرسٹر سیف
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2025 05:50pm

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو فوری طور پر روک دینا چاہیے۔

اپنے بیان میں ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان اس وقت تباہ کن زلزلے کے نقصانات سے دوچار ہے اور پہلے ہی غربت کے شکار ملک کے لیے مہاجرین کی واپسی کا بوجھ برداشت کرنا ممکن نہیں۔

بیرسٹر سیف کے بقول حالیہ زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد ان ہی افراد کی ہے جو واپس جانے والے مہاجرین ہیں۔ ایسے حالات میں افغانستان کی مدد کی جانی چاہیے، نہ کہ اسے مزید مشکلات میں دھکیلا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ غربت کے شکار ملک پر مہاجرین کی واپسی کا بوجھ ڈالنا اخلاقی طور پر بھی درست نہیں اور تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افغانستان کے لیے مہاجرین کو سنبھالنا کسی صورت ممکن نہیں۔

افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے وزارت داخلہ کا بڑا فیصلہ

افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آگیا

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ اس وقت افغانستان کو بھرپور تعاون اور مدد کی ضرورت ہے اور پڑوسی و مسلمان ملک ہونے کے ناتے یہ پاکستان کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے وسائل سے بڑھ کر افغان زلزلہ متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔

  https://whatsapp.com/channel/0029Va8czsoLNSZzP877bA0I

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے افغان سفیر سے ملاقات میں متاثرین کے لیے صحت کی مفت سہولیات سمیت ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے جب کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی واپسی کی مہم 2023 میں شروع کی گئی تھی، جسے رواں سال اپریل میں دوبارہ تیز کیا گیا۔

اس دوران حکومت نے لاکھوں افغان باشندوں کے رہائشی اجازت نامے منسوخ کر دیے اور وارننگ دی کہ مقررہ مدت کے بعد رہنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔

اب تک 10 لاکھ سے زائد افغان باشندے پاکستان چھوڑ چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ صرف اپریل 2025 کے بعد واپس گئے ہیں۔

afghanistan

Afghan refugees

Pakistan Floods

Afghan Immigrants

Afghan citizens

Floods 2025