Aaj News

پنجاب کے ہیڈ ورکس پر پانی کے بہاؤ کی کیا صورتحال ہے؟ پی ڈی ایم اے نے تفصیلات بتادیں

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی
شائع 03 ستمبر 2025 02:29pm

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 5 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث سیلابی صورتحال میں مزید شدت کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تینوں دریاؤں اور ہیڈورکس پر سیلابی صورتحال اور پانی کے دباؤ کا ڈیٹا بھی پیش کردیا ہے جس کے مطابق پانی کا سب سے زیادہ بہاؤ دریائے چناب میں مرالہ ہیڈ ورکس ہے جہاں پانی کی سطح 4 لاکھ 68 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خانکی ہیڈ ورکس پر 3 لاکھ 39 ہزار 470 کیوسک اور تریموں ہیڈ ورکس پر 3 لاکھ 55 ہزار 744 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ قادر آباد ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 32 ہزار 450 کیوسک جبکہ چنیوٹ پل پر 1 لاکھ 8 ہزار 343 کیوسک رہا۔

دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح بلند ہے، جی ایس والا پر 2 لاکھ 69 ہزار 501 کیوسک، سلیمانکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 22 ہزار 736 کیوسک، اسلام ہیڈ ورکس پر 95 ہزار 727 کیوسک اور پنجند ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 82 ہزار 107 کیوسک پانی پہنچ چکا ہے۔

دریائے راوی کے مقام جسڑ پر پانی کی سطح 71 ہزار 010 کیوسک، سائفن پر 54 ہزار 190 کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر 53 ہزار 630 کیوسک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح بلوکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 17 ہزار 655 کیوسک اور سدھنائی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 93 ہزار 470 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال ہے اور اب تک درجنوں افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج (بدھ) ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات بھی ہیں۔

اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ سندھ اور بلوچستان میں موسم مرطوب اور گرم رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا۔ اپر دیر، شانگلہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سمیت بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سوات، مالم جبہ، کالام اور چترال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پشاور سمیت میدانی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور بارش متوقع ہے۔ ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ سمیت جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

Met Office

PDMA

Pakistan Floods

PDMA Alert

Punjab Flood Rivers

Punjab Flood Update

Floods 2025