Aaj News

جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، سڑکیں زیر آب، نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ چند روز تک جاری رہے گا
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2025 09:58pm
Flood in Pakistan | Heavy Rain in Islamabad | Flood Situation & Water Everywhere

اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے ہیں اور کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ پانی کے بھراؤ کے باعث متعدد گاڑیاں سڑکوں پر بند ہو گئیں، جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث شہری زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ سیکٹر جی الیون میں سڑکیں زیر آب آنے سے گاڑیاں ڈوب گئیں، شدید بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا۔

ایچ ایٹ میں سب سے زیادہ 99 ملی میٹر، گولڑہ 76، نیو کٹاریاں میں 63 اور پیرودھائی میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

راولپنڈی کے علاقوں شمس آباد میں 25 ملی میٹر، کچہری اور چکلالہ میں 5 ملی میٹر، پیرودھائی میں 35 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 5 ملی میٹر اور نیو کٹاریاں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

شدید بارش کے باعث برساتی نالے بپھر گئے ہیں۔ نالہ لئی سمیت شہر بھر کے دیگر نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15.7 فٹ تک جا پہنچی ہے، جو خطرے کی حد کے قریب تصور کی جا رہی ہے۔

کٹاریاں اور گوالمنڈی کے اطراف نشیبی علاقوں میں انخلا کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے کشمیر، مری، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش کی پیش گوئی کی ہے ،،مظفرآباد، پو نچھ، باغ اور حویلی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

rainy weather

WASA

nullah lai

Urban flooding

islamabad rain

rain emergency

rawalpindi rain

Flood Warning

Rescue Operations

Monsoon Update