Aaj News

افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آگیا

وزارتِ داخلہ، نادار، ڈی جی امیگریشن، ایف آئی اے اور پولیس کو نوٹس جاری، جواب طلب
شائع 25 اگست 2025 03:07pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 افغان شہریوں کو واپس بھجوانے کی کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا اور وزارتِ داخلہ، نادار، ڈی جی امیگریشن، ایف آئی اے اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے افغان شہریوں کی درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جبکہ سماعت میں درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا عادل عزیز قاضی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق حکومت نے 4 اگست کو درخواست گزاروں کے پی او آر کارڈز منسوخ کر کے واپسی کا حکم دیا۔

وکیل کے مطابق درخواست گزار فضل الرحمان مرحوم کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، درخواست زیر التوا ہے، فضل الرحمان نے 2008 میں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد شہریت کے لیے درخواست دی تھی۔ وکیل کے مطابق شہریت کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر پیراوائز کمنٹس جمع کروانے کی ہدایت کردی اور حکم دیا کہ درخواست گزاروں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی بھی روکی جاتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ کیس کی آئندہ سماعت 18 ستمبر 2025 کو مقرر کی جاتی ہے۔

Islamabad High Court

Justice Sarfaraz Dogar

Afghan citizens