Aaj News

کالا ریچھ گھر کا دروازہ کھول کر اندر آگیا، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

ویڈو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریچھ نے پنجوں سے دروازہ کھولا اور مزے سے گھر کے اندر گھس گیا
شائع 14 اگست 2025 06:35pm

امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک کالا ریچھ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک رہائشی گھر کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوگیا، جس کا دلچسپ منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جسے کولوراڈو پارکس اینڈ وائلڈ لائف (سی پی ڈبلیو) کے ساؤتھ ویسٹ ریجن نے جاری کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریچھ اپنے پچھلے پیروں پر کھڑا ہو کر پنجے سے دروازے کا ہینڈل پکڑتا ہے اور باآسانی دروازہ کھول کر اندر داخل ہو جاتا ہے۔ اس دلچسپ منظر نے نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ عالمی سطح پر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے اس واقعے کے بعد عوام کو خبردار کیا ہے کہ ریچھوں کا اس طرح سے دروازے کھولنا رہائشی علاقوں میں سنگین مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ کسی بھی وقت ریچھ کی آمد دیکھیں، تو فوراً اطلاع دیں تاکہ ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ”جتنی جلدی اطلاع دی جائے گی، اتنا ہی بہتر ہوگا۔ بصورت دیگر، جانی نقصان کا اندیشہ ہے،“

رپورٹ کے مطابق، کولوراڈو اور دیگر ریاستوں میں ایسی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں کہ ایک ہی رات میں ایک سے زیادہ ریچھ ایک ہی گھر میں داخل ہوگئے، جس سے مقامی حکام کو مزید پریشانی کا سامنا ہے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب ریچھوں نے گھروں میں داخل ہونے کی کوشش کی ہو یا کامیاب ہوئے ہوں۔ امریکی ریاستوں میں اکثر ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، جہاں جنگلی جانور خاص طور پر ریچھ گھروں میں داخل ہوتے ہیں یا داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں اضافے کی وجہ ریچھوں کے قدرتی مسکنوں کی کمی اور ان کے لیے خوراک کی تلاش میں شہری علاقوں کی طرف بڑھنا ہے۔

Colorado

Amrica

scary bear

opened the door

house and entered