Aaj News

پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور حادثات، بھارت براہ راست امریکا کی فلائٹس بند کرنے پر مجبور

ریٹروفٹ پروگرام کے تحت بیک وقت کئی طیارے سروس سے باہر رہیں گے، ایئر انڈیا
شائع 12 اگست 2025 09:27am
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور بیڑے میں کمی کے باعث بھارت کی قومی ایئر لائن ”ایئر انڈیا“ نے دہلی سے واشنگٹن ڈی سی تک براہ راست پروازیں اگلے ماہ سے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئر انڈیا کے مطابق یہ فیصلہ مختلف ’’آپریشنل عوامل‘‘ کی وجہ سے کیا گیا ہے، جن میں سب سے بڑی وجہ 26 بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر طیاروں کی اپ گریڈیشن ہے جو طویل عرصے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ 12 جون کو لندن جانے والی ایئر انڈیا کی بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر پرواز احمد آباد سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد گر کر تباہ ہوگئی تھی، حادثے میں جہاز کے 242 مسافروں میں سے صرف ایک شخص زندہ بچا جبکہ زمین پر بھی تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے۔

حادثے کے بعد تمام ڈریم لائنرز کا معائنہ کیا گیا اور اب 400 ملین ڈالر کے بیڑے کی اپ گریڈیشن پروگرام کے تحت مذکوہ جہازوں کے ایویونکس اور اہم پرزے اپ گریڈ کیے جا رہے ہیں تاکہ آپریشنل مسائل کم ہوں۔

ائیر انڈیا کی پرواز کے دوران مسافروں کی ایک ساتھ حالت بگڑ گئی

ایئر انڈیا نے اعتراف کیا کہ پاکستانی فضائی حدود کی مسلسل بندش نے اس کی طویل روٹ والی پروازوں کو متاثر کیا ہے، جس سے پروازوں کے راستے لمبے اور آپریشنل پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر لائن نے بتایا کہ واشنگٹن ڈی سی تک براہ راست پروازوں کی بندش یکم ستمبر سے نافذ ہوگی تاکہ مجموعی فضائی نیٹ ورک کی ’’بھروسہ مندی اور سالمیت‘‘ کو برقرار رکھا جا سکے۔

ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں لاشوں کی غلط شناخت: برطانوی خاندانوں میں غم و غصہ، بھارت اور برطانیہ میں تحقیقات

ایئرلائن کے مطابق گزشتہ ماہ سے شروع ہونے والے ریٹروفٹ پروگرام کے تحت بیک وقت کئی طیارے سروس سے باہر رہیں گے، اور یہ عمل کم از کم 2026 کے آخر تک جاری رہے گا۔

ایئر لائن کے مطابق یکم ستمبر کے بعد دہلی اور واشنگٹن ڈی سی کے درمیان بکنگ رکھنے والے مسافروں سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں متبادل انتظامات پیش کیے جائیں گے، جن میں دیگر پروازوں پر ری بکنگ یا مکمل ریفنڈ شامل ہوگا۔ تاہم مسافر اب بھی ایک اسٹاپ پروازوں کے ذریعے چار امریکی شہروں ”نیویارک، نیوآرک، شکاگو اور سان فرانسسکو“ سے واشنگٹن ڈی سی پہنچ سکیں گے، جس کے لیے ایئر انڈیا نے الاسکا ایئر لائنز، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس انتظام میں مسافروں کا سامان آخری منزل تک چیک اِن رہے گا۔

ایئر انڈیا نے کہا کہ وہ بھارت اور شمالی امریکا کے چھ مقامات، بشمول کینیڈا کے ٹورنٹو اور وینکوور، کے درمیان نان اسٹاپ پروازیں جاری رکھے گی۔

AIR INDIA

Pakistani airspace banned

Air India crash

Direct Flights to Washington DC