Aaj News

لاہور سے راولپنڈی جانے والی ٹرین خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی

کالاشاہ کاکو کے قریب ٹرین کی متعدد کوچز پٹڑی سے اترنے سمیت الٹ گئیں
اپ ڈیٹ 01 اگست 2025 10:09pm

لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو کالا شاہ کاکو کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، ٹرین کی 5 بوگیاں الٹنے سے 28 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو کالاشاہ کاکو کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں پلانٹ سمیت ٹرین کی متعدد کوچز پٹڑی سے اترنے سمیت الٹ گئیں۔

حادثے کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گرین لائن اور ریل کاروں سمیت متعدد ریل گاڑیاں پھنس گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں 28 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حادثے کے فوری بعد مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد زخمی مسافر مدد کے منتظر رہے۔

ابتدائی طور پر امدادی ٹیمیں بروقت نہیں پہنچ سکیں، جس پر مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ساتھیوں کو الٹی ہوئی بوگیوں سے نکالنے کی کوششیں شروع کیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی 6 ریسکیو گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، جہاں شدید زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ دیگر کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسلام آباد ایکسپریس لاہور سے راولپنڈی جارہی تھی، ٹرین شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوئی تھی۔

وزیر ریلوے کا ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کالا شاہ کاکو کے قریب اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ( ڈی ایس) ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔

حنیف عباسی نے ریلوے کے عملے کو امدادی کاموں کو تیز کرنے اور طبی عملے کو فوراً موقع پر پہنچنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیر ریلوے نے حادثے کی انکوائری کا حکم جاری کرتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ایکسپریس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

Pakistan Railways

Train Accident

ISLAMABAD EXPRESS